’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ جیمز بانڈ فلم کا آئندہ ہفتے پریمیئر ’ایک بڑا ایونٹ‘
ہالی وڈ کی جاسوسی سے متعلق مشہور زمانہ فلم سیریز جیمز بانڈ کا پریمیئر آخری فلم کی ریلیز کے چھ سال اور کورونا کی وبا کی وجہ سے 18 ماہ کی تاخیر سے آئندہ ہفتے منعقد ہونے جا رہا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق برطانوی شاہی خاندان اور کوورنا کی جنگ لڑنے والے ہیروز کو ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کو دیکھنے کے لیے لندن کے رویل البرٹ ہال میں مدعو کیا گیا ہے۔
یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پُراسرار کردار نبھانے والے ڈینیئل کریگ کو ان کے مداح اس فلم میں آخری بار دیکھیں گے۔ اس فلم کے پریمیئر تین مرتبہ یعنی مارچ اور نومبر 2020 اور رواں سال اپریل میں موخر کر دیا گیا تھا۔
کریگ اور ان کے ساتھی اداکار رامی میلیک اور لیا سیڈاؤکس ریڈ کارپٹ پر شہزادہ چارلس اور ولیم کے ساتھ اس فلم کی نمائش میں موجود ہوں گے جس کے دو دن بعد اسےبرطانوی سینما گھروں میں اور پوری دنیا میں آٹھ اکتوبر کو ریلیز کیا جائے گا۔
ہیلتھ کیئر ورکرز اور مسلح افواج کے اہلکار بھی پریمیئر میں شرکت کریں گے جن کی خدمات کے اعتراف کے لیے انہیں برطانیہ بھر میں دیگر 10 پریمیئرز میں بھی مدعو کیا گیا ہے۔
فرینچائز پروڈیوسر باربرا بروکولی کا ’نو ٹائم ٹو ڈائے: دا آفیشل جیمز بانڈ پوڈکاسٹ‘ کی رواں ماہ ریلیز پر کہنا تھا کہ ’ہم اس فلم کی تھیٹرز میں نمائش کے لیے ناقابل یقین حد تک خوش ہیں، یہ بانڈ سیریز کی 25 ویں فلم ہے اور سب سے اہم بات یہ کہ ڈینیئل کریگ اس فلم سے جا رہے ہیں اس لیے ہمیں ایسا لگ رہا ہے کہ یہ ایک بڑا ایونٹ ہے۔‘