دنیا میں کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل چوتھے ہفتے کمی
سنگاپور وہ ملک ہے جہاں وبا تیزی سے پھیلی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا میں مسلسل چوتھے ہفتے کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ ہفتے دنیا بھر میں روزانہ سامنے آنے والے نئے کیسز کی تعداد میں آٹھ فیصد کمی ہوئی ہے۔ یہ تعداد کم ہوکر اب پانچ لاکھ 10 ہزار تک آئی ہے۔
تاہم مصدقہ کیسز اصل تعداد سے کم ہیں اور ہر ملک میں گنتی اور ٹیسٹنگ کے طریقہ کار میں فرق ہے۔
تقریباً پر جگہ بہتری
دنیا کے کئی خطوں میں کورونا کی صورتحال میں بہتری آرہی ہے۔
افریقہ میں 32 فیصد امریکہ اور کینیڈا میں 25 فیصد اور مشرق وسطیٰ میں 21 فیصد کم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ایشیا میں کورونا کیسز میں سات فیصد کمی ریکارڈ ہوئی ہے جب کہ اوشیانا خطے میں یہ شرح دو فیصد رہی۔
تاہم لاطینی امریکہ اور کیریبین میں صورتحال خراب ہوتی نظر آرہی ہے۔ برازیل میں وائرس میں اضافے سے کیسز کی شرح 33 فیصد سے بڑھی جبکہ یورپ میں چار فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سب سے زیادہ کیسز کہاں رپورٹ ہوئے؟
سنگاپور میں وبا تیزی سے پھیلی ہے۔ ملک میں روزانہ کے کیسز میں 129 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ رومانیا میں 75 فیصد، یوکرین میں 58 فیصد اور شام اور ترکی میں 23 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کیسز میں سب سے زیادہ کمی کہاں ہوئی؟
دوسری جانب جنوبی افریقہ کے ملک بوٹسوانا میں رواں ہفتے 51 فیصد کم کیسز ریکارڈ ہوئے، جاپان میں 50 فیصد، سری لنکا میں 43 فیصد، جنوبی افریقہ میں 39 فیصد اور آذربائیجان میں 38 فیصد کم کیسز ریکارڈ کیے گئے۔
امریکہ میں سب سے زیادہ کیسز
امریکہ میں اب تک کیسز کی تعداد سب سے زیادہ رہی ہے۔ ملک میں ایک دن میں ایک لاکھ 26 ہزار نئے کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں۔ یہ 26 فیصد کم تعداد ہے۔ اس کے بعد برطانیہ ہے جہاں 10 فیصد اضافے کے ساتھ 32 ہزار 400 کیسز ہیں اور ترکی میں 23 فیصد اضافے کے ساتھ 31 ہزار 200 نئے کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں۔
سربیا میں 653 نئے کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں، جبکہ منگولیا میں یہ تعداد 630 اور کیوبا میں 496 ہے۔
سب سے زیادہ اموات
امریکہ میں روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی اموات کی تعداد دو ہزار 41 کے ساتھ سب سے زیادہ ہے۔ یہ تعداد روس میں 801 ہے، جہاں جمعے کو 828 اموات ریکارڈ ہوئی، جبکہ میکسیکو میں ہر روز 542 اموات ہو رہی ہیں۔
عالمی سطح پر روزانہ کی اموات میں نو فیصد کمی کے ساتھ تعداد آٹھ ہزار 384 ہے۔
ویکسینیشن
کیوبا میں حکومت اپنی ویکسین بنا رہی ہے جس کی وجہ سے ملک میں سب سے زیادہ ویکسینیشن ہورہی ہے۔ دس لاکھ کی آبادی والے اس ملک میں روزانہ 2.69 فیصد آبادی کو ویکسین لگوائی جا رہی ہے۔
کمبوڈیا میں آبادی کے 1.46 فیصد حصے اور ایران میں 1.36 فیصد آبادی کی روزانہ ویکسینیشن ہورہی ہے۔
متحدہ عرب امارات میں ویکسینیشن انتی تیزی سے نہیں کی جا رہی لیکن ملک کی ویکسینیشن مہم جدید ہے، جس کے تحت ہر 100 شہری کو 199 خوارکیں دی گئی ہیں۔
یوراگوئے میں یہ تعداد 176 اور اسرائیل میں 171 ہے۔