Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سندھ میں شدید بارش کے امکانات کم ہوگئے، خطرہ ٹل گیا‘

محکمہ موسمیات  کے مطابق کراچی میں وقفوں وقفوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہےتاہم شہر میں شدید بارش کے امکانات کم ہو گئے ہیں، ہوائیں جنوب مشرق سے 27 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
ڈی جی محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے کہا ہے کہ ڈیپ ڈپریشن سندھ کے ساحلی علاقوں سے وقت کے ساتھ ساتھ دور ہو رہا ہے لیکن بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں تاحال شدید بارشوں کا امکان ہے۔
ڈی جی میٹ کے مطابق ’کل تک سندھ میں بارش کا امکان ختم ہو جائے گا جس سے شہر میں سیلاب کا خطرہ ٹل گیا ہے۔‘
دوسری جانب پی ڈی ایم اے بلوچستان کے ڈائریکٹر عطاءاللہ مینگل نے اردو نیوز کو بتایا کہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں کو مستعد رہنے اور تمام ضروری مشینری تیار رکھنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ صورت حال کی نگرانی کے لیے پی ڈی ایم اے کا ڈپٹی ڈائریکٹر گوادر میں موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماہی گیروں کو سمندر میں جانے سے روک دیا گیا ہے جبکہ گوادر سمیت ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں کے پیش نظر ساحل سے کشتیوں کو نیوی کی مدد سے نکالا جا رہا ہے تاکہ ماہی گیروں کو نقصان سے بچایا جاسکے۔
عطا اللہ مینگل کے مطابق ہنگامی صورتحال کے پیش نظر متاثرین کی مدد کے لیے گوادر میں ضروری و خوراکی سامان کا ذخیرہ موجود ہے، ضرورت پڑی تو کوئٹہ سے مزید سامان بجھوایا جائے گا۔

شیئر: