امارات میں سعودی سفیر ترکی الدخیل سمیر دیگر حکام بھی موجود تھے( فوٹو عرب نیوز)
سعودی مشیر ایوان شاہی محمد بن مزید التویجری نے جمعے کو ایکسپو 2020 دبئی میں سعودی پویلین کا افتتاح کیا ہے۔
اس موقع پر امارات میں سعودی سفیر ترکی الدخیل، سعودی پویلین کے ہائی کمشنر انجینیئر حسین حنبظاظۃ، جی سی سی ممالک کے سفرا اور مختلف ملکوں کے عہدیدار اور دانشور موجود تھے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق محمد بن مزید التویجری نے پویلین کے ہر حصے کا دورہ کیا۔
انہیں مملکت کی روشن تصویر منعکس کرنے والی سرگرمیوں اور پروگراموں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
سعودی عرب فطرت، عوام، ورثہ اور سرمایہ کاری کےامکانات پر مشتمل چار بنیادوں پر اپنے پویلین میں زور دے رہا ہے۔
یہاں سعودی عرب کی تاریخی دستکاریاں، عوامی طائفوں کے شو اور مملکت کے مختلف علاقوں کے مشہور پکوانوں کو بڑی پذیرائی مل رہی ہے۔
مشیر ایوان شاہی نے کہا کہ پویلین میں جو کچھ دیکھا وہ منفرد ہے۔ ہمارے نوجوانوں نے وطن عزیز کی روشن تصویر پیش کی ہے۔
سعودی پویلین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کے دور میں ترقی اور خوشحالی کے عروج کی صحیح معنوں میں ترجمانی کررہا ہے۔
ایکسپو 2020 دبئی میں 190 سے زیادہ ممالک شریک ہیں۔ مملکت کا پویلین 13 ہزار مربع میٹر کے رقبے میں پھیلا ہوا ہے۔ یہ برادر ملک امارات کے بعد دوسرا بڑا پویلین ہے۔