Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان کا عمان کے فرمانروا سے رابطہ، سمندری طوفان سے اموات پر اظہار افسوس

طوفان کے اثرات سے نمٹنے کے سلسلے میں عمان کے ساتھ کھڑے ہیں( فوٹو ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق سے ٹیلیفون پر رابطہ قائم کرکےسمندری طوفان شاہین سے ہونے والے جانی ومالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان نے طوفان کے دوران اموات پر سلطان ہیثم، مرنے والوں کے اعزہ اور عمانی بھائیوں سے دلی رنج و ملال کا اظہار کیا۔
شاہ سلمان نے کہا کہ طوفان کے اثرات سے نمٹنے کے سلسلے میں سعودی عرب عمان کے ساتھ کھڑا ہے۔ طوفان سے پیدا ہونے والے مسائل کے خاتمے تک سعودی عرب ہر طرح سے عمان کے ساتھ ہے۔
سلطان عمان نے برادرانہ جذبات کے اظہار پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا شکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے طوفان سے ہونے والی ہلاکتوں پر سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان ہیشم بن طارق سے ہمدردی اور رنج و ملال کا اظہار کیا۔
 شاہ سلمان نے سلطان ہیثم کے نام تعزیتی پیغام میں کہا کہ ’ برادر ملک عمان کے کئی صوبوں کے طوفان سے متاثر ہونے اور اس کی وجہ سے اموات اور شہریوں کے لاپتہ ہونے کی اطلاع سے دکھ ہوا ہے۔‘
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی سلطان ہیثم اور متوفی افراد کے اہل خانہ کے نام تعزیتی پیغام ارسال کیا ہے۔ 

شیئر: