ملکی دفاع اور غیر اخلاقی مواد کی شکایت پر 10 لاکھ اکاونٹس، ویب سائٹس بلاک
جمعہ 8 اکتوبر 2021 13:54
وسیم عباسی -اردو نیوز، اسلام آباد
پی ٹی اے نے ملکی دفاع، غیر اخلاقی مواد کی شکایت پر 10 لاکھ اکاونٹس، ویب سائٹس بلاک کر دیں ہیں۔
ملکی دفاع ، غیر اخلاقی مواد یا توہین عدالت اور توہین مذہب کے الزامات کے بعد پاکستان میں ٹیلی کام سیکٹر کے ریگولیٹری ادارے پی ٹی اے نے اب تک دس لاکھ 56 ہزار سوشل میڈیا اکاونٹس، ویب سائیٹس سمیت انٹرنیٹ لنکس بلاک کیے ہیں۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی ایک دستاویز کے مطابق بلاک کیے گئے لنکس میں ٹویٹر ، فیس بک اکاونٹس کے علاوہ ویب سائیٹس بھی شامل ہیں۔
دستاویز کے مطابق اس ماہ کے آغاز تک پاکستان کے دفاع کو نقصان پہنچانے والے 46,256 انٹرنیٹ لنکس (سوشل میڈیا اکاونٹس، ویب سائیٹس وغیرہ) کے خلاف متعلقہ اداروں یا عام افراد کی طرف سے پی ٹی اے کو شکایت کی گئی جس پر کاروائی کرتے ہوئے پی ٹی اے نے 31،230 لنکس بلاک کر دئیے جبکہ 1849 ایسی شکایتوں کو غلط ہونے پر مسترد کر دیا یعنی مانی گئی درخواستوں کی شرح 68 فیصد رہی۔
سب سے زیادہ یعنی نو لاکھ تیرہ ہزار شکایات غیر اخلاقی ویب سائیٹس کے حوالے سے آئیں جس پر ایکشن لیتے ہوئے نولاکھ ایک ہزار سات سو ایسے لنکس کو پاکستان میں بلاک کیا گیا ۔
دستاویز کو دیکھا جائے تو ہتک عزت اور جعل سازی کی شکایتوں پر اکاونٹس یا لنکس کو بلاک کرنے کی شرح سب سے کم رہی یعنی 49 فیصد درخواستیں منظور کی گئیں۔ اس حوالے سے 8144 شکایات پی ٹی اے کو موصول ہوئیں جس پر ایکشن لیتے ہوئے تقریبا چارہزار ایسے اکاونٹس بلاک ہو گئے۔
دستاویز کے مطابق پی ٹی اے نے ایک پورٹل بنا کر 38 مختلف اداروں کو اس تک رسائی دے دی ہے تاکہ کسی بھی ویب سائٹس کے حوالے سے شکایت پر خودکار طریقے سے معاملہ پی ٹی اے کے نوٹس میں لا سکیں۔
اردو نیوز کے رابطہ کرنے پر پی ٹی اے ترجمان خرم مہران کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ کارروائی غیر اخلاقی ویب سائٹس کے حوالے سے کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ توہین مذہب کے حوالے سے شکایات وزارت مذہبی امور
کی جانب سے پورٹل پر براہ راست پی ٹی اے تک پہنچائی جاتی ہیں جس کے بعد اتھارٹی ان کا جائزہ لے کر ان پر کاروائی کرتی ہے۔
دستاویز کے مطابق گرے ٹریفک کی شکایت پر پی ٹی اے نے اس سال کے پہلے چھ ماہ میں پانچ لاکھ چار ہزار موبائل سمیں بھی بلاک کی ہیں