مشرقی ریجن میں ایس او پیز کی خلاف ورزیاں، دکانیں سیل اور انتباہی نوٹس
کورونا ضوابط پر عمل درآمد کے لیے تفتیشی مہم جاری ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں مشرقی ریجن کی بلدیہ نے گزشتہ دو دنوں میں کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزیوں کو نوٹ کرنے کےلیے مارکیٹوں کے 2581 دورے کیے جن میں 6 دکانوں کوسیل کیا گیاہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مملکت کے مختلف شہروں میں بلدیہ و دیگر اداروں کی جانب سے کورونا ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے تفتیشی مہم جاری ہے۔
ریجنل بلدیہ کا کہنا ہے کہ مختلف مارکیٹوں میں تفتیشی ٹیموں نے گزشتہ 2 دنوں میں 2 ہزار 581 دورے کیے جن کا مقصد ضوابط پرعمل درآمد کو یقینی بناناہے۔
ریجن میں کورونا ایس اوپیز کی صریح خلاف ورزیوں پر 6 دکانوں کو سیل کیا گیا جبکہ 132 دکانداروں کو معمولی نوعیت کی خلاف ورزی پرانتباہی نونٹسز جاری کیے گئے۔
بلدیہ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ کورونا سے محفوظ رہنے کےلیے وزارت صحت کے جاری کردہ ایس اوپیز پرعمل کرنا ہرایک کی ذمہ داری ہے۔
مقررہ ایس اوپیز میں سماجی فاصلے کا اصول سب سے اہم ہے جبکہ مارکیٹوں کی انتظامیہ اور دکانداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کسی بھی کاہگ کا توکلنا اسٹیٹس چیک کیے بغیرداخل نہ ہونے دیں ـ
واضح رہے اتوار 10 اکتوبر سے ویکسین کی دونوں خوراکیں نہ لینے والوں کو مارکیٹوں، سرکاری و نجی اداروں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ویکسینیشن کا ریکارڈ چیک کرنے کےلیے توکلنا کے نئے اسٹیٹس کو اپ ڈیٹ کیاگیا ہے جس سے ان افرادی کی نشاندہی ہو گی جنہوں نے ویکسین کی ایک ہی خوراک لی ہوئی ہے۔