جدہ میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 20 تجارتی ادارے سیل
کئی تجارتی اداروں میں توکلنا سٹیٹس چیک نہیں کیا جارہا تھا- (فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں جدہ میونسپلٹی نے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے شہر بھر میں 3 ہزار 338 تفتیشی دورے کیے جس کے نتیجے میں 20 تجارتی ادارے خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے جس پر انہیں سیل کیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق میونسپلٹی کی ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں بلدیاتی کونسلوں کے انسپکٹرز کے توسط سے تفتیشی ٹیمیں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے مامورکی ہیں۔
ٹیموں نے تفتیش کے دوران نوٹ کیا کہ کچھ تجارتی اداروں میں ماسک اور درجہ حرارت چیک کرنے کے حوالے سے پابندی نہیں ہورہی جبکہ توکلنا ایپ پر کورونا سٹیٹس بھی چیک نہیں کیا جارہا ہے۔
جدہ میونسپلٹی کے افسران نے کہا کہ 20 تجارتی اداروں کو خلاف ورزی پر سیل کیا گیا ہے۔
میونسپلٹی کے مطابق اگر کہیں بھی کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی دیکھی جائے تو 940 یا بلدی ایپ پر اس کی اطلاع دی جائے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں