Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’محسن پاکستان کی خدمات پر قوم احسان مند رہے گی‘

پاکستان کے ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر ملک میں سوگ کی سی کیفیت ہے جس کا اظہار سوشل میڈیا پر عام لوگوں کے ساتھ اہم سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات بھی کر رہی ہیں۔
پاکستان کے صدر عارف علوی نے ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کو سنہ 1982 سے ذاتی طور پر جانتے تھے۔ ’انہوں نے قوم کے دفاع کے لیے ایٹمی صلاحیت دلائی اور ایک عظیم قوم کبھی اس حوالے سے ان کی خدمات کو فراموش نہیں کرے گی۔‘
وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ کیا کہ ’ڈاکٹر اے کیو خان کی رحلت سے گہرا صدمہ ہوا ہے۔ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کی وجہ سے ان کو قوم نے محبت دی۔ اس طاقت نے ہمیشہ جارح اور زیادہ بڑے ایٹمی پڑوسی کے خلاف دفاع فراہم کیا۔ پاکستان کے عوام کے لیے وہ ایک قومی شخصیت تھے۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ان کی خواہش کے مطابق فیصل مسجد کے احاطے میں دفن کیا جائے گا۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا کہ ’آج قوم نے اس شخصیت کو کھویا جس نے اپنے دل اور روح سے مادر وطن کی خدمت کی۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی رحلت ملک کے لیے بہت بٖڑا نقصان ہے۔ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں ان کا کردار ہمیشہ مرکزیت رکھے گا۔‘
وزیر دفاع پرویز خٹک نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات کو عظیم نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کی قوم کے لیے خدمات کو ہمیشہ عزت کی نگاہ سے دیکھے گی۔ ہماری دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے ان کی خدمات پر قوم ان کی احسان مند رہے گی۔ 
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تمام سروسز چیفس نے بھی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر قدیر نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دیں-
وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹویٹ کیا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی رحلت پر پوری قوم افسردہ ہے، پاکستان کے لیے ان کی خدمات ان گنت ہیں۔
جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ’ڈاکٹر عبدالقدیر خان صرف سائنسدان ہی نہیں ایک عالم اور ادیب بھی تھے۔‘
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے لکھا کہ ’پاکستان کو نا قابل تسخیر بنانے میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کلیدی کردار ادا کیا۔ اللہ ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔‘
سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ٹویٹ کیا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کے حوالے سے سنہری حروف میں لکھی جائیں گی۔
وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ ’پاکستان کے محسن ڈاکٹر عبد القدیر خان کی وفات کی خبر  سن کر دل انتہائی رنجیدہ ہے۔  ڈاکٹر صاحب کا پاکستان کے دفاع کو مضبوط تر بنانے کا احسان اور قرض اس ملک کا بچہ بچہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔‘
ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو الوداع کہتے ہوئے معروف پاکستانی صحافی حامد میر نے کہا کہ ’لوگ ترقی کے لیے مغرب جاتے ہیں، آپ مغرب سے پاکستان آگئے‘

شیئر: