Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سکوئڈ گیم کا سیزن 2 کب آرہا ہے؟

سوشل ٹائم لائنز پر کورین ڈرامہ مسلسل زیربحث ہے (فوٹو: ویڈیو گریب)
نیٹ فلکس پر جنوبی کوریا کی سیریز ’سکوئڈ گیم‘ کا پہلا سیزن ختم ہوا تو کامیاب ترین ڈراموں میں شامل ہونے والی پروڈکشن کے سیزن ٹو سے متعلق گفتگو اور انتظار شدت اختیار کر رہا ہے۔
نو حصوں پر مشتمل سکوئڈ گیمز کی کہانی ان کھلاڑیوں کے گرد گھومتی ہے جو 38.31 ملین ڈالر جیتنے کے لیے جان کی بازی لگا دیتے ہیں۔
نہ صرف مقامی اور بین الاقوامی میڈیا اس سیریز کے چرچے سے بھرا پڑا ہے بلکہ سوشل میڈیا صارفین بھی اس شو پر دلچسپ تبصرے کرتے نظر آرہے ہیں۔
علی مش نامی ایک ٹوئیٹر صارف نے کہا کہ ’ذرا سکوئڈ گیم کو پاکستان میں تصور کریں اور آپ کو گن پوائنٹ پر اکڑ بکڑ بمبے بو کھیلنا پڑے۔‘

شانزا گوندل نامی صارف نے بھی اسی طرح کا ایک سوال کیا تو لکھا ’اگر سکوئڈ گیم پاکستان میں کھیلا جاتا تو اس شو میں کون سے پاکستانی گیم شامل ہوتے؟‘

ایسی بے تحاشا ٹویٹس اور سوشل میڈیا پیغامات سے ایک بات تو واضح ہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی اس سیریز کو پسند کیا جارہا ہے۔ یہ سیریز نیٹ فلکس کے مطابق پاکستان میں حالیہ دنوں میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی سیریز اور اس وقت پلیٹ فارم پر نمبر 1 کی پوزیشن پر براجمان ہے۔

ڈرامہ سیریز سکوئڈ گیم کے پہلے سیزن میں نو اقساط ہیں (فوٹو: سکرین گریب)

دنیا بھر میں سوشل میڈیا صارفین یہ پوچھتے ہوئے نظر آرہے ہیں کہ کیا ’سکوئڈ گیم‘ کا دوسرا سیزن آئے گا؟
اس سوال کا جواب دیتے ہوئے ’سکوئڈ گیم‘ کے ڈائریکٹر ہوانگ ڈونگ ہیوک نے کہا کہ ان پر سیزن ٹو کے لیے بہت دباؤ ہے۔
انڈی وائر کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ’میرے پاس ابھی بھی فرنٹ مین اور اس کے پولیس والے بھائی کے رشتے کے حوالے سے کہانی موجود ہے۔ لوگ اس بات پر بھی تجسس کا شکار ہیں کہ جی ہن (سیریز کا مرکزی کردار) اب کہاں جائے گا جب وہ اپنی فلائٹ چھوڑ چکا ہے؟‘
فرنٹ میں اس سیریز کا وہ کردار ہے جو ’سکوئڈ گیم‘ کروا رہا ہے اور اس کا بھائی ایک پولیس والا ہے جو اس گروہ کو پکڑنے کی کوشش کررہا ہے۔

سکوئڈ گیم کے مناظر ٹوئٹر پر میمز کے طور پر بھی استعمال کیے جا رہے ہیں (فوٹو: سکرین گریب)

سیریز کا مرکزی کردار ’جی ہن‘ پہلے سیزن کے آخر میں امریکہ کی فلائٹ چھوڑ کر واپس ’سکوئڈ گیم‘ میں حصہ لینے کی سوچتا ہے اور وہیں اس کی نویں اور آخری قسط کا اختتام ہوجاتا ہے۔
ڈائریکٹر ہوانگ ڈونگ ہیوک کا کہنا ہے وہ اس سیریز کا پہلا سیزن تیار کرکے اتنا تھک گئے تھے کہ انہوں نے دوسرے سیزن کے بارے میں سوچا ہی نہیں۔
’لیکن اب چونکہ یہ ایک بڑی ہٹ بن چکی ہے تو لوگ مجھ سے نفرت کریں گے اگر میں نے سیزن ٹو ںہیں بنایا۔ میرا خیال ہے مجھ پر بہت دباؤ ہے اور مجھے کرنا پڑے گا۔‘

شیئر: