ڈاکٹر نورہ العمرو انسانی حقوق کونسل میں مشاورتی کمیٹی کی رکن منتخب
ڈاکٹر نورہ العمرو انسانی حقوق کونسل میں مشاورتی کمیٹی کی رکن منتخب
بدھ 13 اکتوبر 2021 12:35
ڈاکٹر نورہ العمرو سعودی، یورپی یونین کی مشترکہ انسانی حقوق مکالمہ ٹیم کی رکن بھی ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
ڈاکٹر نورہ العمرو انسانی حقوق کونسل کی مشاورتی کمیٹی میں ووٹوں کی اکثریت سے رکن منتخب ہوئی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق مشاورتی کمیٹی اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے طریقہ کار کے مطابق کام کرتی ہے، اس کمیٹی میں 18 ماہرین شامل ہیں۔
ہر ایک فرد اپنی ذاتی صلاحیت کے مطابق خدمات انجام دے رہا ہے۔ یہ ایک مشاورتی بورڈ ہے جو انسانی حقوق کونسل کی ہدایت پر کام کرتا ہے۔
سعودی قیادت کے تعاون اور جنیوا میں سعودی عرب کے اقوام متحدہ کے مشن کی کوششوں کے نتیجے میں اور سعودی سفارت کاری کی کامیابیوں کے ساتھ نورہ العمرو کا اس کمیٹی میں انتخاب ہوا ہے۔
ڈاکٹر نورہ العمرو ایک معالج کے طور پر انسانی زندگیوں کو بڑے پیمانے پر بہتر بنانے کے وژن پر کام کر رہی ہیں۔
وہ انسانی حقوق کمیشن بورڈ کی چوتھی مدت 2020 تا 2024 میں خدمات انجام دینے کے لیے شاہی فرمان کے ذریعے مقرر کردہ 13 خواتین ارکان میں سے ایک ہیں۔
وہ سعودی، یورپی یونین کی مشترکہ انسانی حقوق کی مکالمہ ٹیم کی رکن بھی ہیں۔
خواتین کو سعودی عرب کی مشاورتی اسمبلی کی رکن بننے کی اجازت کے چند ماہ بعد نورہ العمرو پہلی سماجی اور صحت پالیسی فیلو بن گئی ہیں۔
انسانی حقوق کمیشن میں اپنا کردار ادا کرنے کےعلاوہ ڈاکٹر نورہ العمرو سعودی عرب کے ایک بڑے اخبار کے لیے سماجی اور صحت کے امور پر ہفتہ وار کالم لکھتی ہیں جس میں وہ مختلف سماجی مسائل کو وسیع آواز کے ساتھ اپنے پڑھنے والوں کے سامنے لائی ہیں۔
ڈاکٹر نورہ العمرو نے ہاروڈ یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ہے۔ وہ کئی وزرا کے ساتھ مشاورتی خدمات انجام دے چکی ہیں۔ ان میں صحت ، لیبر اور سماجی ترقی و منصوبہ بندی کےعلاوہ معیشت کےمحکمے شامل ہیں۔
انہوں نے سعودی وژن 2030 کے لیے کوالٹی آف لائف پروگرام 2020 کے پروگراموں میں بھی کام کیا ہے۔
ڈاکٹر نورہ العمرو فیملی اینڈ کمیونٹی میڈیسن کے لیے کالج آف میڈیسن کنگ سعود یونیورسٹی ریاض میں پبلک ہیلتھ کی اسسٹنٹ پروفیسر بھی ہیں۔
انہوں نے کنگ سعود یونیورسٹی سےایم بی بی ایس کیا ہے جبکہ کینیڈا کی البرٹا یونیورسٹی سے پبلک ہیلتھ میں ماسٹرز ڈگری بھی حاصل کی اس کے علاوہ امریکہ سے پبلک ہیلتھ پروگرام پر پی ایچ ڈی بھی کی ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں