Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایک شخص کو عہدے پر رکھنے کی خاطر فوج کو دنیا میں تماشہ بنا دیا‘

مریم نواز نے کہا کہ آج آٹا، ڈیزل، بجلی اور ہر چیز مہنگی ہو رہی ہے تو پھر چور کون ہے؟ (فوٹو سکرین گریب)
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ’عمران خان نے ایک شخص کو عہدے پر رکھنے کی خاطر پاکستان کی فوج کو تماشہ بنا کر رکھ دیا ہے۔‘
سنیچر کو فیصل آباد میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’عمران خان نے فوج کے ادارے پر حملہ نہیں کیا بلکہ خود کش حملہ کیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’آج ان کو سمجھ نہیں آ رہا کہ چارج رکھنا ہے یا چھوڑنا ہے۔ فوج کے اعلیٰ افسران کی تقرریاں وزیراعظم نہیں کر رہا، بلکہ جن بھوت کر رہے ہیں۔ تقرریاں اس بات پر ہو رہی ہیں کہ کس کا نام کس حرف سے شروع ہوتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’قوم جانتی ہے کہ تم نے کسی اصول کی خاطر یہ تقرری نہیں روکی، بلکہ اپنے اقتدار کے لیے ایسا کیا۔ یہ جانتا ہے کہ اگر وہ شخص کرسی سے ہٹا تو ان کی حکومت منہ کے بل زمین پر گرے گی۔‘
’یہ تقرری وزیراعظم کی صوابدید ہے، لیکن عوام کو وزیراعظم چننے کا اختیار ہے۔ پہلے عوام کا وزیراعظم لاؤ  پھر یہ حق حاصل کرو۔‘
مریم نواز نے کہا کہ ’ہم کیوں تمہارا ساتھ دیں جب لوگ جانتے ہیں کہ عمران خان ہی وہ شخص ہے جس نے مہرہ بن کر عوام کے ووٹ کی عزت کو جوتے کے نیچے روندا۔‘
مریم نواز کا کہنا تھا کہ زیادتی کے باجود نواز شریف نے کہا تھا کہ وہ اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا عمران خان کہتے تھے کہ جب بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوتو سمجھ جاؤ وزیراعظم چور ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ آج آٹا، ڈیزل، بجلی اور ہر چیز مہنگی ہو رہی ہے تو پھر چور کون ہے؟
مسلم لیگ ن کی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ایک ہی وعدہ پورا کیا اور وہ یہ کہ اس نے پوری قوم کو رلا دیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ وزرا عوام کے نوالے گنتے ہیں اور کہتے ہیں دو کے بجائے ایک روٹی کھالو (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ان کا کہنا تھا کہ وزرا عوام کے نوالے گنتے ہیں اور کہتے ہیں دو کے بجائے ایک روٹی کھالو۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان نواز شریف اور شہباز شریف کو چور کہتا تھا لیکن نواز شریف اور شہباز شریف پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے سچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی عدالت نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کے کوئی ثبوت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اقوام متحدہ اس لیے نہیں گئے کیونکہ وہاں کوئی ان سے ملنے کو تیار نہیں تھا۔
’عمران خان کہتے تھے کہ نواز شریف اداروں سے لڑتے ہیں۔ نواز شریف نے جب بھی سٹینڈ لیا تو آپ کی خاطر لیا۔ جب بھی ٹکراؤ ہوا عوام کی خاطر ہوا۔ ووٹ کی عزت کی خاطر ہوا۔ سویلین بالادستی کے لیے ہوا۔ نواز شریف نے اس سٹینڈ کی بہت بڑی قیمت ادا کی ہے۔ انہوں نےجیل برداشت کی۔ بیٹی اور داماد کو جیل جاتے دیکھا۔ انتقام کا سامنا کیا۔‘

شیئر: