Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی 20 ورلڈ کپ: انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو چھ وکٹوں سے شکست دیدی

انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے  ویسٹ انڈیز کو چھ وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔
انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا کیونکہ ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی ایک ایک کرکے ڈھیر ہوتے گئے اور پوری ٹیم صرف 55 رنز بنا سکی۔
انگلینڈ کی ٹیم نے درکار 56 رنز چار وکٹوں کے نقصان پر نویں اوور میں حاصل کر لیے۔ جو بٹلر 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
قبل ازیں پہلے کھیلتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے ایون لوئس کو میچ کے دوسرے ہی اوور میں کرس ووکس نے آؤٹ کیا، جبکہ اگلے ہی اوور میں معین علی نے لینڈل سمنز کو پویلین کی راہ دکھائی۔
کرس گیل اور شیمرون ہٹمائر نے نے 18 رنز جوڑ کر سکور کو 27 تک پہنچایا ہی تھا کہ معین نے ہٹمائر کو شکار کیا۔
ویسٹ انڈین ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ پائی تھی کہ ٹائمل ملز نے کرس گیل کو ڈھیر کیا۔ ان کے بعد ڈیوین براوو اور نکولس پوران بھی کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے۔
 آندرے رسل بھی مشکل وقت میں ٹیم کے کام نہ آ سکے اور عادل رشید کا شکار بن گئے اور ان کے بعد پولارڈ بھی چلتے بنے۔
سپر 12 مرحلے میں ہر ٹیم پانچ میچز کھیلے گی اور آخر میں گروپ 1 اور گروپ 2 کی ٹاپ 2 ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

شیئر: