امریکہ کے روسی شہریوں کو ’بے گھر‘ کہنے پر روس کی مذمت
امریکہ کے روسی شہریوں کو ’بے گھر‘ کہنے پر روس کی مذمت
پیر 25 اکتوبر 2021 6:01
امریکہ کی ’بے گھر‘ کی فہرست میں روس 10 ویں نمبر پر ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
روس نے اتوار کو امریکی ویزا حاصل کرنے کی خواہش رکھنے والے روسی افراد کو ’بے گھر شہریوں‘ کی فہرست میں شامل کرنے کے امریکہ کے فیصلے کی مذمت کی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق واشنگٹن کے فیصلے کے تحت روسی شہریوں کو امریکہ کے ویزے کے لیے اپنے ملک کے بجائے پولینڈ کے شہر وارسا میں درخواست دینی ہوگی۔
امریکہ نے یہ فیصلہ اس وقت کیا جب مئی میں امریکی سفارتخانے نے زیادہ تر ویزا درخواستوں کی پراسیسنگ روک دی تھی کیونکہ ماسکو نے روس میں امریکی سفارت خانے میں لوگوں کو ملازمت پر رکھنے پر پابندی لگا دی تھی۔
امریکی وزارت خارجہ ان ویزا درخواست کنندگان کو ’بے گھر‘ کی فہرست میں شامل کر رہا ہے جن کے ممالک میں امریکہ کی کوئی قونصلر نمائندگی نہیں ہے یا جہاں سفارتی عملہ سیاسی یا سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ویزا جاری نہیں کر سکتا۔
اس فہرست میں روس 10 ویں نمبر پر ہے، کیونکہ اس سے قبل کیوبا، اریٹریا، ایران، لبیا، صومالیہ، جنوبی سوڈان، شام، وینزویلا اور یمن کے نام آتے ہیں۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زاخارووا نے سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ ’امریکی سفارت کار سالوں سے روس میں قونصلر سروس کے نظام کو خراب کر رہے ہیں۔۔۔انہوں نے ایک تکنیکی عمل کو، جو کہ 21 ویں صدی میں معمول ہے، کو جہنم میں تبدیل کردیا ہے۔‘
سرد جنگ کے بعد سے روس اور امریکہ کے تعلقات ناسازگار ہیں اور اب دونوں ممالک ایک دوسرے کے دارالحکومت میں تعینات کرنے والے سفارت کاروں کی تعداد سے متعلق تنازع میں پھنسے ہوئے ہیں۔ روس اور امریکہ رواں ماہ مذاکرات میں پیش رفت کرنے میں بھی ناکام رہے۔
اس کے علاوہ روس نے امریکہ کو ’غیردوستانہ‘ ممالک کی فہرست میں شامل کیا ہوا ہے، جنہیں روسی شہریوں کو ملازمت دینے کے لیے منظوری کی ضرورت ہوگی۔ اس میں روس نے امریکہ کا کوٹہ صفر طے کیا ہے۔
مذاکرات میں ماسکو نے کہا ہے کہ وہ حالیہ سالوں میں لگائی ہوئی نمام پابندیاں ختم کرنے کے لیے تیار ہے۔ واشنگٹن کا کہنا ہے کہ امریکہ کو سفارت خانے کے عملے کی تعداد اور ویزا جاری کرنے پر برابری چاہیے۔