Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روسی اداکارہ ’مشن امپاسیبل‘ سے پہلے خلا میں عکس بندی کے لیے تیار

اداکارہ یولیا پیری سلڈ اور فلم ڈائریکٹر کلم شیپنکو قازقستان میں بیکانور خلائی مرکز سے روانہ ہوں گے۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکہ کے مقابلے میں خلا میں فلم بندی کے لیے روس ایک اداکارہ اور فلم ڈائریکٹر کو مدار میں بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اگر یہ کامیاب ہوا تو روسی فلم کا عملہ ہالی وڈ کی ایک فلم کے پراجیکٹ کو پیچھے چھوڑ دے گا۔
فلم ’مشن امپاسیبل‘ کے سٹار ٹام کروز نے خلائی ایجنسی ناسا اور ایلون مسک کی کمپنی سپیس ایکس کے ساتھ  فلم بنانے کا رواں سال کے آغاز میں اعلان کیا تھا۔
روسی کی 37 سالہ اداکارہ یولیا پیری سلڈ اور 38 سال کے فلم ڈائریکٹر کلم شیپنکو سابق سوویت ملک قازقستان میں بیکانور خلائی مرکز سے روانہ ہوں گے۔
خلا میں جانے والی ٹیم کی سربراہی تجربہ کار خلاباز اینٹون شکیپرایو کریں گے۔ یہ عملہ ’دی چیلنج‘ نامی فلم کے لیے انٹرنیشنل سپیس سٹیشن میں 12 دن گزارے گا۔
فلم کی کہانی اور بجٹ کو اب تک منظرِ عام پر نہیں لایا گیا تھا۔
روسی خلائی ایجنسی روس کوسموس نے بتایا ہے کہ یہ ایک خاتون سرجن کی کہانی ہے جنہیں ایک خلاباز کو بچانے کے لیے انٹرنیشنل سپیس سٹیشن بھیجا جاتا ہے۔
پیر کو ایک آن لائن پریس کانفرنس سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر کلم شیپنکو نے فلم کو ’ایک تجربہ‘ قرار دیا ہے۔
فلم ڈاریکٹر اور اداکارہ کے لیے متوقع ہے کہ وہ 17 اکتوبر کو خلاباز اولیگ نووٹسکی کے ساتھ کرہ ارض پر واپس آجائیں گے۔
خلاباز اولیگ نووٹسکی گذشتہ چھ ماہ سے انٹرنیشنل سپیس سٹیشن میں ہیں۔

شیئر: