Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مقدار نے معیار ختم کر دیا‘، نواز الدین سٹریمنگ شوز میں کام نہیں کریں گے

’سیکرڈ گیمز‘ 2018 میں ریلیز ہوئی تھی اور اسے عالمی سطح پر پزیرائی ملی تھی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
بالی وڈ کے سپر سٹار نوازالدین صدیقی نے کہا ہے کہ وہ انڈیا کی بڑھتی ہوئی سٹریمنگ مارکیٹ کے لیے بننے والی سیریز اور فلموں میں کام کرنا بند کر دیں گے کیونکہ اس پلیٹ فارم کے لیے معیاری مواد نہیں بن رہا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نیٹ فلکس، ایمیزون کا پرائم ویڈیو اور ڈزنی کا ہاٹ سٹار انڈیا کی 1.3 ارب کی آبادی کے لیے فلمیں اور سیریز بنانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
نوازالدین صدیقی نے نیٹ فلکس کی پہلی انڈین سیریز ’سیکرڈ گیمز‘ میں کام کیا تھا۔ یہ سیریز 2018 میں ریلیز ہوئی تھی اور اسے عالمی سطح پر پزیرائی ملی تھی۔
تاہم 47 برس کے نواز الدین صدیقی نے انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ بالی وڈ ہنگامہ کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان پلیٹ فارمز پر ’مقدار نے معیار کو ختم کر دیا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اس پلیٹ فارم پر غیرمعیاری فلمیں بن رہی ہیں۔ ’ہمارے پاس یا تو وہ شوز ہیں جو دیکھنے کے قابل ہی نہیں ہیں یا ان شوز کے سیکوئل ہیں جن میں زیادہ کچھ بتانے کو نہیں ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ بڑے پروڈکشن ہاؤسز اداکاروں کے لیے دھندہ بن گیا ہے۔۔۔ بالی وڈ میں مشہور فلم پروڈیوسرز نے او ٹی ٹی (اوور دا ٹاپ) فیلڈ میں تمام بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ منافع بخش سودے کیے ہیں۔ پروڈیوسرز کو لامحدود مواد بنانے کے لیے بھاری رقم مل رہی ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ڈیجیٹل میڈیم پر جس جوش اور چیلنج کو سیکرڈ گیمز کے وقت محسوس کیا تھا وہ اب نہیں ہے۔‘
’جب میں انہیں دیکھنا برداشت نہیں کر سکتا تو ان میں کام کرنا کیسے برداشت کر سکتا ہوں؟‘
نوازالدین صدیقی کو ہندی سنیما کا کامیاب اداکار سمجھا جاتا ہے۔
وہ انڈین ریاست اترپردیش کے ایک گاؤں کے معمولی سے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ تاہم سال 2000 میں ملک کے فلمی دارالحکومت ممبئی میں نقل مکانی کرنے کے بعد انہوں نے بہت نام کمایا۔  
انڈیا کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا شمار پہلے ہی سے دنیا کی بڑی مارکیٹس میں ہوتا ہے۔ اس کی مالیت اکاؤنٹنسی فرام ارنسٹ اینڈ ینگ نے 24 ارب ڈالر بتائی ہے۔  

شیئر: