فارن منسٹر پورٹل کا اجراء، ’اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی‘
فارن منسٹر پورٹل کا اجراء، ’اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی‘
پیر 1 نومبر 2021 14:13
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے نے Pakistan in KSA نامی ایپ لانچ کی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، جن کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
پیر کو اسلام آباد میں فارن منسٹر پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ 90 لاکھ تارکین وطن کی قوت یہ ہے کہ وہ پاکستان کی برآمدات سے بھی زیادہ ترسیلات بھجواتے ہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان 85 ممالک کے ساتھ ورچوئل لنک کے ذریعے منسلک ہے۔
شاہ محمود قریشی نے تقریب میں موجود قونصلیٹ کے افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جہاں بھی تعینات ہوں، کمیونٹی کے ساتھ آپ کا رابطہ بڑھنا چاہیے، خود اس تک پہنچیں، رابطے رکھیں۔‘
’فرداً فرداً ہر ایک تک پہنچنا اگرچہ مشکل ہے تاہم ٹیکنالوجی کی مدد سے ایسا ممکن ہے۔‘
انہوں نے تجویز دی کہ سفارت کاروں کی اے سی آر میں ایسا بھی ایک کالم ہونا چاہیے جس سے ان کے کمیونٹی کے ساتھ رویے کی جانچ کی جا سکے۔
شاہ محمود قریشی نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا کہ اگر تارکین وطن کو مکمل طور پر سہولیات نہیں ملتیں تو یہ مایوس کن بات ہو گی۔
’پورٹل کا قیام عوام کی آسانی کے لیے عمل میں لایا گیا ہے۔‘
وزیر خارجہ نے کہا تارکین وطن کی سہولت کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔
’اگر آئین میں تبدیلی کی جا سکتی ہے تو رولز میں کیوں نہیں، جہاں ضرورت پڑی نظرثانی کی جائے گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ریاض میں پاکستانی سفارت خانے اور جدہ میں قونصلیٹ نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے لیے Paksitan in KSA نامی ایک اینڈرائیڈ ایپ بھی لانچ کی ہے۔
اسی طرح عمان اور کویت میں ہمارے مشنز کی طرف سے سفارت خانے کی ایپس کا آغاز کیا گیا ہے۔
دبئی میں پاکستان کے قونصلیٹ نے Pak in Dubai ایپ بھی لانچ کی گئی ہے۔
’ان اقدامات کا مقصد یہ ہے کہ بیرون مقیم پاکستانیوں کے ساتھ رابطوں کو بڑھایا جا سکے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک تمام مشنز پاکستانیوں کے ساتھ ماہانہ ای کچہریوں کا انعقاد کر رہے ہیں جبکہ تمام 114 مشنز آن لائن ہونے کے ساتھ ساتھ فیس بک، انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر بھی متحرک ہیں۔