سعودی عرب میں دنیا کے پہلے 'فلائنگ میوزیم' کا آغاز
سعودی عرب میں دنیا کے پہلے 'فلائنگ میوزیم' کا آغاز
منگل 2 نومبر 2021 14:10
العلا میں آثار قدیمہ کی خاص دریافت اور دیگر نوادرات پیش کئے جائیں گے۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب جمعرات کو دنیا کے پہلے 'فلائنگ میوزیم' کا آغاز کر رہا ہے، جس میں دارالحکومت ریاض اور قدیم شہر العلاء کے درمیان ہوائی جہاز کے سفر کے دوران آثار قدیمہ کو اجاگر کیا جائے گا۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ میوزیم جو رائل کمیشن فار العلاء اور قومی ائیرلائنز السعودیہ کے درمیان باہمی تعاون کا منصوبہ ہے۔
اس فضائی سفر کے دوران العلا میں آثار قدیمہ کی کھدائیوں کے بعد دریافت ہونے والے نوادرات کی نمائش دکھائی جائے گی۔
سعودی پریس ایجنسی کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سفر کے دوران مسافر ڈسکوری چینل کی دستاویزی فلم ' آرکیٹیکٹس آف اینشینٹ عریبیہ' بھی دیکھ سکیں گے جو رواں سال ریلیز ہوئی تھی۔
رائل کمیشن میں آثار قدیمہ اور ثقافتی ورثے کی تحقیق کی ڈائریکٹر ربیکا فوٹ سفر کے دوران دستاویزی فلم کا تعارف کرائیں گی اور اس میوزیم میں موجود نوادرات کے بارے میں تفصیلات پیش کریں گی۔
ربیکا فوٹ کا کہنا ہے کہ قدیم علاقہ العلاء میں مقامی اور بین الاقوامی ماہرین آثار قدیمہ کی طرف سے بڑے پیمانے پر کام کیا جا رہا ہے جس کے باوجود ہم ابھی تک العلاء کے ماضی کی پیچیدہ نوعیت کو ابتدائی طور پر ہی سمجھنے کے قابل ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ العلاء جزیرہ نماعرب میں سربستہ راز ہے اور ہم آہستہ آہستہ اس راز کی دریافت اور کھوج میں لگے ہوئے ہیں۔
ربیکا کا کہنا ہے کہ میں اس فضائی سفر میں مسافروں کے ساتھ میوزیم کی دلچسپ معلومات شیئر کرنے کی منتظر ہوں۔
آثار قدیمہ کے تحقیقی ادارے کے ایک اورعہدیدار فلپ جونز نے کہا کہ یہ میوزیم العلاء میں جاری آثار قدیمہ کے کاموں کی اہمیت کو اجاگر کرے گا۔ کمیشن کے مطابق یہ کام دنیا کا 'سب سے بڑا آثار قدیمہ پروگرام' ہے۔
فلپ جونز نے مزید بتایا ہے کہ رائل کمیشن کی السعودیہ کے اشتراک میں یہ خدمت کسی 'اعزاز' سے کم نہیں۔
سعودی ایئرلائنز کےعہدیدار خالد تاش نے بتایا ہے کہ یہ فضائی میوزیم العلاء کی بیش قیمتی ثقافت کو اجاگر کرنے اور اسے بین الاقوامی سطح پر ایک سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینے کے لیے کمیشن کے ساتھ تعاون کا تسلسل ہے۔
العلاء میں مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے پورا سال جاری رہنے والی مختلف مصروفیت اور خاص طور پر موسم کے لحاظ سے دلچسپی اور تفریحات کی دیگر سرگرمیاں فراہم کرتا ہے۔
علاوہ ازیں اس سیاحتی سفر پر آنے والے مسافروں کو 'مسا الحجر' کے تجربے سے لطف اندوز ہونے کے لیے پیشگی ٹکٹ بک کرنے کا بھی موقع فراہم کیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں