Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کی میزبانی میں افغانستان پر اجلاس، ’پاکستان شرکت نہیں کرے گا‘

معید یوسف کا کہنا تھا کہ ’خطے میں بگاڑ پیدا کرنے والا ملک امن قائم کرنے والا نہیں ہو سکتا‘ (فائل فوٹو: معید یوسف ٹوئٹر)
قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان پر انڈیا میں ہونے والے نیشنل سکیورٹی اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں بگاڑ پیدا کرنے والا ملک امن قائم کرنے والا نہیں ہو سکتا۔
پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق انہوں نے عالمی معیشتوں پر زور دیا کہ وہ افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے میں افغان عوام کی مدد کریں۔
منگل کو اسلام آباد میں ازبکستان کے وفد کے ساتھ ملاقات کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’افغان جنگ سے پاکستان براہ راست متاثر ہوا ہے جبکہ پاکستان کی معیشت کو 150 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔‘
قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ افغانستان کے معاملے پر پاکستان اور ازبکستان دونوں کا یکساں موقف اور اہم امور پر اتفاق ہے۔
’پوری دنیا کو افغان حکومت کے ساتھ تعمیری رابطے میں رہنا چاہیے تاکہ وہاں کسی انسانی بحران سے بچا جاسکے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان کی قومی سلامتی کا معاملہ ہے۔ افغانستان کے ساتھ قربت کی وجہ سے ازبکستان ہمارے جیو اکنامک پیراڈائم کو پورا کرنے میں بہت اہمیت کا حامل ملک ہے۔‘

شیئر: