Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نور مقدم قتل کیس، ملزم ظاہر جعفر کے خلاف ایک اور مقدمہ درج

ملزم ظاہر جعفر کے خلاف پولیس افسر پر حملہ کرنے اور گالم گلوچ کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیاگیا ہے (فوٹو: سکرین گریب)
نور مقدم قتل کیس میں ملزم ظاہر جعفر کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق ملزم ظاہر جعفر کے خلاف بدھ کو پولیس افسر پر حملہ کرنے اور گالم گلوچ کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیاگیا ہے۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزم نےکمرہ عدالت میں گالم گلوچ کی، عدالت کےحکم پر کمرہ عدالت سے جانے سے انکار کیا اور عدالتی تقدس کو پامال کیا۔
’کمرہ عدالت سے باہر لانے پر ملزم نے پولیس اہلکار کو گریبان سےپکڑ کر کھینچنا شروع کیا اور اپنے آپ کو ٹکر مار کر زخمی کرنےکی کوشش بھی کی۔‘
یاد رہے کہ نور مقدم قتل کیس کی سماعت کے دوران مرکزی ملزم ظاہر جعفر کی جانب سے نازیبا الفاظ کا استعمال کیا گیا جس پر جج عطا ربانی نے ملزم کو کمرہ عدالت سے جانے کی ہدایت کی، اس دوران ملزم اور پولیس اہلکاروں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔
ملزم کی جانب سے کمرہ عدالت میں وقفے وقفے سے تقریبا آدھے گھنٹے تک نازیبا الفاظ کا استعمال ہوتا رہا جبکہ جج عطا ربانی گواہوں کے بیانات قلمبند کرواتے رہے۔
ملزم کے خاموش نہ ہونے پر جج نے پولیس کو ملزم کو باہر لے جانے کی ہدایت کی اور جب پولیس اہلکار آگے بڑھے تو ملزم نے ان کے ساتھ ہاتھا پائی شروع کر دی، تاہم اہلکار ملزم کو اٹھا کر بخشی خانے لے گئے۔

شیئر: