Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمن کے لیے امریکی ایلچی مشرق وسطیٰ کا دورہ کریں گے

امریکی ایلچی دورے کے دوران اہم اقتصادی اصلاحات نافذ کرنے پر زور دیں گے۔(فوٹو عرب نیوز)
یمن کے لیے امریکی ایلچی ٹم لینڈرکنگ جمعرات کو مشرق وسطیٰ کا دورہ کریں گے تاکہ یمن میں جنگ کے خاتمے کے لیے کسی معاہدے تک پہنچنے کے لیے مذاکرات جاری رکھ سکیں۔
عرب نیوز کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے گزشتہ روز بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ خصوصی ایلچی ٹم لینڈرکنگ یمنی حکومت کے عہدیداروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے علاوہ علاقے کے سینئر اہلکاروں اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ بات چیت کریں گے۔

بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر یمن میں امن کے عزم پر زور دیں گے۔ (فوٹو این بی سی)

محکمہ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ خصوصی امریکی ایلچی اور ان کی ٹیم حوثیوں کی جانب سےمارب پر جارحیت روکنے کی ضرورت پر زور دیں گے ۔یمن کے شہری علاقوں  میں کئے جانے والے حملوں کے باعث  انسانی  مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
یمن میں موجود ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے مارب شہر پر قبضہ کرنے کے لیے ستمبر سے کئی بار حملے کئے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ ٹم لینڈرکنگ امریکی حکومت کے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر یمن میں امن قائم  کرنے کے عزم پر زور دیں گے۔
امریکی ایلچی اپنے دورے کے دوران فریقین کو اہم اقتصادی اصلاحات نافذ کرنے، باقاعدہ درآمدات، ایندھن کی تقسیم محفوظ بنانے اور صنعا کے ہوائی اڈے پر کمرشل پروازیں دوبارہ شروع کرنے کے لیے بات چیت کریں گے۔
 

شیئر: