اعتمرنا یا توکلنا ایپ سے پرمٹ کا حصول انتہائی آسان ہے (فوٹو، ٹوئٹر)
ادارہ امن عامہ نے یاددہانی کرائی ہے کہ پرمٹ کے بغیر عمرہ ادا کرنے کی کوشش کرنے والے پر10 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے ـ
عاجل نیوز نے ادارہ امن عامہ کے حوالے سے کہا ہے کہ مسجد الحرام میں نماز کی ادائیگی کےلیے بھی پرمٹ کا حصول لازمی ہے ـ پرمٹ کے بغیر مسجد الحرام جانا خلاف ورزی شمار کی جائے گی جس پر ایک ہزارریال جرمانہ عائد کیاجاتا ہےـ
پرمٹ کے بارے میں ادارہ امن عامہ کی جانب سے کیے گئے ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ ’اعتمرنا ‘ یا توکلنا ایپ پر عمرہ یا نماز کی ادائیگی کی پرمٹ حاصل کرنا انتہائی آسان ہے جس میں کسی قسم کی دشواری نہیں ـ
پرمٹ کا مقصد آنے والے زائرین کی تعداد کو منظم کرنا اور احتیاطی تدابیر پرعمل درآمد کویقینی بنانا ہے ـ پرمٹ کے بغیر مسجد الحرام میں داخلہ قطعی طورپرمنع ہے اس لیے زائرین کو چاہئے کہ وہ قانون شکنی سے گریز کریں ـ
واضح رہے سوشل میڈیا پر کہا جارہا تھا کہ توکلنا پرویکسینیشن کی مکمل ڈوز لینے والوں کو عمرہ پرمٹ کے بغیر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے ـ
ادارہ امن عامہ نے ان باتوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے یاد دہانی کرائی ہے کہ پرمٹ کے بغیر مسجد الحرام نہ جائیں ایسا کرنےوالے قانون شکنی کے مرتکب قرار پائے جاتے ہیں جس پرجرمانہ مقرر ہے ـ