مرجان کی بحری چٹانوں کے راز سے متعلق سائنسی ٹیم کے انکشافات
خالد بن سلطان فاونڈیشن بحری ریسرچ تنظیم مرجان کے تحفظ پر کام کر رہی ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں قائم خالد بن سلطان فاؤنڈیشن برائے سمندری حیات و نباتات نے 10 سالہ تحقیق سے آخر کار ساحلوں کے قریب سمندر میں خاص قسم کے پتھروں اور مرجان سے متعلق تحقیقی مہم مکمل کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس تحقیقی مہم میں سمندر کے اندر پائی جانے والی مرجان کی چٹانوں کی حالت اور ان کی بقا کو درپیش مختلف قسم کے خطرات کا جائزہ لینا شامل تھا۔
اس سمندری مہم میں بحیرہ احمر سے شروع ہوتے ہوئے بحر اوقیانوس، بحرالکاہل اور بحر ہند کے علاوہ 16 ممالک میں ایک ہزار سے زیادہ سمندری چٹانوں کے سروے کے بعد ایک رپورٹ تیار کی گئی ہے۔
سائنس دانوں کی تحقیقی ٹیم نے اپنے اس مشن میں تقریباً 50 ہزار کلومیٹر تک سفر کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ مختلف قسم کی ریسرچ کے لیے انہیں لگ بھگ 12 ہزار مرتبہ زیر آب جانا پڑا۔ اس مشن میں چھ ہزار سے زیادہ طلبہ اور کمیونٹی کے دیگر افراد کو تعلیمی سیشنز میں شامل کیا گیا۔
خالد بن سلطان فاونڈیشن غیر منافع بخش ماحولیاتی سائنس اور سمندری ریسرچ کی تنظیم ہے جو کہ سنہ 2000 میں دنیا کے مختلف سمندروں اور آبی وسائل کے تحفظ اور بحالی میں مدد فراہم کرنے کے لیے قائم کی گئی تھی۔
اس فاؤنڈیشن کے نکات میں تین اہم پہلوؤں کو اجاگر کرنا ہے جس میں تحقیق، تعلیم اور رسائی کو یکجا کرنا ہے۔
فاؤنڈیشن کے چیئرمین شہزادہ خالد بن سلطان نے گزشتہ ماہ فرانس کے شہر مارسیلے میں انٹرنیشنل یونین فار دی کنزرویشن آف نیچرز ورلڈ کنزرویشن کانگریس میں بتایا کہ سمندروں میں موجود مرجان کی چٹانوں اور انہیں درپیش چیلنجوں میں مدد کے لیے عالمی پیمانے پر مہم کا آغاز کیا ہے۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل یونین فار دی کنزرویشن آف نیچرز ورلڈ کنزرویشن کانگریس فطرت کے ماحول کے تحفظ کا دنیا کا سب سے بڑا اور جامع ماحولیاتی فورم مانا جاتا ہے۔