اسلام آباد...وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ ہرصورت افغانستان سے تعلقات بہتر بنانا ہوںگے۔افغانستان میں پائیدار امن سے روس اور وسط ایشیائی ریاستوں کو سی پیک سے فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مشرقی اور مغربی فرنٹ میں سے مغربی فرنٹ کو بہتر تعلقات سے بند کرنا ہوگا ۔ میڈیا سے غیر رسمی بات چیت میںانہوںنے مزید کہا کہ پاکستان خطے کے دیگر ممالک کے لئے گیٹ وے ہے، ایک بڑی تجارتی راہداری کی حیثیت اختیار کر چکا ہے ۔چین اور روس کے لئے بھی تجارتی راہداری ہیں۔ ناصر جنجوعہ نے پاک بحریہ کو خطے میںانتہائی با صلاحیت بحریہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تقابل کے بجائے تعاون کی فضا کو ترجیح دیتے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل کی اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ کے طور پر تعیناتی مسلم ممالک کے لئے خوش آئند ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہ راحیل شریف اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ بنتے ہیں تو وہ امت مسلمہ کے اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کا سبب بنیں گے۔ جنرل راحیل اپنے تجربات اور سوچ کے ساتھ مسلم ممالک کی باہمی غلط فہمیوں کو دور کریں گے، جس سے ایران سمیت اتحاد مخالف ممالک کو بھی فائدہ ہوگا۔