اقامہ ایکسپائری قریب، کیا فیملی کا فائنل ایگزٹ لگایا جاسکتا ہے؟
اقامہ ایکسپائری قریب، کیا فیملی کا فائنل ایگزٹ لگایا جاسکتا ہے؟
بدھ 10 نومبر 2021 0:02
سعودی عرب میں محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘مقیم غیر ملکی کارکنوں اورتارکین کے اہل خانہ کے اقاموں کے اجرا و تجدید کے علاوہ خروج وعودہ اور خروج نہائی یعنی فائنل ایگزٹ کا ذمہ دار ہے۔
جوازات کے تمام معاملات ڈیجیٹل طریقے سے طے کیے جاتے ہیں جو ’ابشر‘ یا ’مقیم‘ پورٹل کے ذریعے انجام دیے جاتے ہیں۔ اقاموں کی تجدید اور خروج وعودہ کے اجرا کے لیے فیس مقرر ہے، جبکہ فائنل ایگزٹ کی کوئی فیس نہیں ہوتی۔
فائنل ایگزٹ کے حوالے سے ایک شخص نے جوازات سے دریافت کیا کہ ’اہل خانہ کو فائنل ایگزٹ پر بھیجنا چاہتا ہوں، جبکہ اقامہ کی ایکسپائری میں تین ماہ باقی ہیں۔ کیا اہلیہ کےعلاوہ بچوں کا فائنل ایگزٹ لگایا جاسکتا ہے؟ خروج نہائی لگانے کے بعد بچوں پرعائد ماہانہ فیس ادا کرنا ہوگی یا نہیں؟
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ خروج نہائی لگانے کے بعد 60 دن کی مہلت ہوتی ہے۔ اس دوران انہیں مملکت سے نکلنا ہوگا۔ مذکورہ مدت میں سفر نہ کرنے کی صورت میں خروج نہائی کینسل کرانے کے بعد دوبارہ اقامہ تجدید کرایا جائےـ
واضح رہے کہ فائنل ایگزٹ کے قانون کے مطابق جس کا خروج نہائی لگایا گیا ہو اور وہ مقررہ دن پورے ہونے سے ایک دن قبل بھی مملکت سے روانہ ہوجائے تو اس صورت میں اہل خانہ پر عائد فیملی فیس کی مد میں ادائیگی کی ضرورت نہیں ہوتی۔
خروج نہائی ویزہ لگانے کے بعد اگرمقررہ مدت کے اندر جانے کا ارادہ کینسل کرنا ہو تو لازمی ہے کہ خروج نہائی ویزے کو منسوخ کرایا جائے۔
مقررہ مدت کے اندر خروج نہائی ویزہ کینسل کرانے کی صورت میں جرمانہ لاگو نہیں ہوتا، جبکہ 60 روزہ مقررہ مدت گزرنے کے بعد ایک ہزار ریال جرمانہ ادا کرنا ہوتا ہے جس کے بعد سسٹم میں اقامہ فعال کیا جاسکتا ہے۔
یاد رہے مملکت میں مقیم اقامہ ہولڈرز اگراپنے اہل خانہ کا خروج نہائی لگانا چاہتے ہیں تو انہیں چاہیے کہ وہ اس وقت خروج نہائی لگائیں جب اقامہ کی مدت میں کم از کم 2 ماہ سے زیادہ کا عرصہ باقی ہو، کیونکہ جن افراد کا خروج نہائی لگایا جائے گا انہیں مملکت سے روانہ ہونے کےلیے زیادہ سے زیادہ 60 دن کی مہلت دی جاتی ہے۔
اس دوران انہیں مملکت سے نکلنا ہوتا ہے۔ اگر اقامہ کی مدت 60 دن سے کم ہے تو اہل خانہ کے خروج نہائی کے وقت باقی ماندہ دنوں کے حساب سے فیس ادا کرنا ہوگی جس کی ادائیگی کے بعد ہی خروج نہائی یعنی فائنل ایگزٹ ویزہ لگانا ممکن ہوتا ہے۔
یہ بھی خیال رہے کہ خروج نہائی ویزہ اس وقت فعال تصور کیا جاتا ہے جب وہ شخص مملکت سے نکل جاتا ہے۔ مملکت سے نکلنے کے بعد ایئرپورٹ یا بری سرحدی چوکی کے امیگریشن کاؤنٹر سے ایگزٹ ہونے کی صورت میں ہی جوازات کے مرکزی سسٹم میں غیر ملکی کے اہل خانہ کا اقامہ ختم ہو جاتا ہے جس کے بعد مملکت میں رہنے والے تارک وطن اپنا اقامہ بغیر فیس کے تجدید کرا سکتے ہیں۔