سعودی عرب عالمی توانائی مارکیٹ کے استحکام کےلیے پرعزم ہے: ولی عہد
ولی عہد سے برطانوی وزیراعظم نے بدھ کو ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی ولی عہد نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے بدھ کو ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق برطانوی وزیراعظم نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ سعودی عرب 2060 تک کاربن فری ہدف حاصل کرنے کے سلسلے میں پرعزم ہے۔
بورس جانسن نے کہا کہ وہ اس حوالے سے مزید اعلانات سننے کےمتمنی ہیں-
شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب کاربن کے اخراج میں کمی کو منظم کرنے والی محفوظ ٹیکنالوجی کی مدد سےعالمی توانائی مارکیٹ کی سیکیورٹی اور استحکام کو بڑھانے کےلیے پرعزم ہے۔
سعودی ولی عہد نے اس سے قبل میتھن گیس سے متعلق عالمی معاہدے میں سعودی عرب کی شمولیت کا اعلان کیا تھا جس کے تحت دنیا بھر میں میتھن کا اخراج 30 فیصد تک کم کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔
اس موقع پر برطانوی وزیراعظم اور سعود ولی عہد نے باہمی دلچسپی کے متعدد مسائل پر تبادلہ خیال بھی کیا۔