بسوں میں مسافروں کو مکمل گنجائش کے ساتھ بٹھانے کی اجازت
اسکول ٹرانسپورٹ، حج وعمرہ کے لیے استعمال ہونے والی بسوں پر بھی اطلاق ہوگاـ ( فوٹو سبق)
سعودی ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ شہروں کے درمیان چلنے والی بسوں میں مکمل گنجائش کے ساتھ مسافروں کوبٹھانے کی اجازت دی گئی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے نے ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے متعلقہ اداروں کے تعاون سے کورونا کے حالات کا جائزہ لینے کے بعد مسافروں کو مکمل گنجائش کے ساتھ سفری اجازت دی ہے۔
بسوں کے لیے مسافروں کی مکمل گنجائش کے قانون کا اطلاق سکول، ملازمین کو لانے لے جانے والی ٹرانسپورٹ، حج وعمرہ اور زیارات کے لیے استعمال ہونے والی بسوں اور کانفرنسز و سمینارز میں مہمانوں کی آمد ورفت کے لیے مخصوص بسوں پر بھی ہوگاـ
اتھارٹی نے بیان میں کہا کہ ’بسوں میں سوار ہونے والے مسافروں کے لیے لازمی ہے کہ انہوں نے کورونا سے بچاو کے لیے ویکسین کا کورس مکمل کیا ہوا ہو اور توکلنا پر ان کا اسٹیٹس امیون کا ہو‘۔
ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بس سروس فراہم کرنے والے ادارے کے لیے بھی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت صحت کی جانب سے احتیاطی تدابیر پرعمل کرتے ہوئے سفر کے دوران ماسک کی پابندی کی جائے۔ علاوہ ازیں بسوں میں مسافروں کو سینیٹائزر استعمال کرانے کو یقینی بنائیں۔
واضح رہے کورونا کی وبا پھیلنے کے باعث سفری پابندیوں کے تحت بسوں میں مسافروں کے درمیان سماجی فاصلے کا اصول لاگو کیا گیا تھا جس کے لیے بس کی گنجائش کو نصف کردیا گیا تھا۔