سعودی ولی عہد کا دنیا کا سب سے بڑا فلوٹنگ نیوم انڈسٹریل سٹی ’اوکسا گون‘ بنانے کا اعلان
سعودی ولی عہد کا دنیا کا سب سے بڑا فلوٹنگ نیوم انڈسٹریل سٹی ’اوکسا گون‘ بنانے کا اعلان
منگل 16 نومبر 2021 19:54
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے نیوم انڈسٹریل سٹی ’اوکسا گون‘ (OXAGON) قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ پوری دنیا میں سب سے بڑا تیرتا انڈسٹریل سٹی ہوگا۔
یہ نیوم کی حکمت عملی کے مطابق مستقبل میں مینوفیکچرنگ سینٹرز کے لیے ماڈل ثابت ہوگا اور آئندہ اسی طرز پر فیکٹریاں قائم کی جائیں گی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے آکساگون سٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ نیوم میں خصوصاً اور سعودی عرب میں عموماً معاشی شرح نمو اور اقتصادی تنوع کا محرک بنے گا۔ سعودی وژن 2030 کے اہداف کے حصول میں ہماری خواہشات پوری کرے گا۔‘
شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ’نیوم انڈسٹریل سٹی مستقبل میں صنعتی فروغ کے حوالے سے پوری دنیا کو نیا رجحان دے گا۔ یہ ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے بھی منفرد ہوگا۔ یہ روزگار کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔ شرح نمو کا ہدف پورا کرے گا۔ اوکساگون علاقائی تجارت کے شعبے میں مملکت کا مدد گار بننے کے ساتھ خطے میں بڑے پیمانے پر بین الاقوامی کاروبار بھی لائے گا۔‘
سعودی ولی عہد نے کہا کہ ’مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ کاروبار اور نئے پن کا تصور انڈسٹریل سٹی کی سرزمین پر مجسم شکل میں نظر آنے لگا ہے- اس حوالے سے تیز رفتار توسیع کا خواہش مند ہوں۔‘
نیوم کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین انجینیئر نظمی النصر نے کہا کہ ’اوکساگون مینوفیکچرنگ سینٹرز کےعالمی تصور میں بنیادی تبدیلی لائے گا۔ ہمیں زیادہ حوصلہ اس بات سے مل رہا ہے کہ ہمارے شرکائے کار نے اوکساگون میں منصوبے شروع کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جو جدید ترین آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی سے آراستہ فیکٹریاں قائم کریں گے۔‘
اوکساگون نیوم کے جنوب مغرب میں بہت بڑے علاقے میں قائم ہوگا۔ یہاں لاجسٹک سہولتوں کا مرکز واقع ہوگا جہاں انڈسٹریل سٹی کے بیشتر لوگ قیام کریں گے۔ یہاں مکمل بندرگاہ کے اطراف بڑا تمدنی ماحول بنے گا۔ نیوم انڈسٹریل سٹی (اوکساگون) کا تصور’ دی لائن‘ والا ہے جس کا اعلان جنوری 2021 میں کیا گیا تھا۔
اوکساگون میں انتہائی ترقی یافتہ ٹیکنالوجی مثلاً آئی او ٹی استعمال ہوگی۔ یہاں روبوٹ ہوں گے۔ یہ سب مستقبل کے ڈسٹری بیوٹرز سینٹر نیٹ ورک سے جڑے ہوئے ہوں گے۔