Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فضائی سفر کو ’محفوظ بنانے‘ کے لیے خصوصی ایپ کیسے کام کرے گی؟

مسافروں کی جانب سے ایئر پورٹ کی عمارت سے لے کر طیارے اور اس کے عملے سے متعلق شکایت درج کرنے کا آپشن موجود ہے (فوٹو:سول ایوی ایشن)
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے فضائی سفر کو محفوظ بنانے اور مسافروں کی جانب سے شکایات کے لیے موبائل ایپلی کیشن متعارف کروا دی گئی ہے۔
یہ ایپ گوگل ایپ سٹور پر ’پی سی اے اے ہیزرڈ‘ کے نام سے مسافروں کے لیے دستیاب ہے۔  
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ’موبائل ایپ کے ذریعے مسافر فضائی سفر کو محفوظ بنانے کے لیے حادثات یا کسی بھی واقعے کو براہ راست رپورٹ کر سکیں گے جس سے شکایات جلد از جلد حل کی جا سکیں گی۔‘
موبائل ایپ کیسے کام کرے گی؟ 
ابتدائی طور پر یہ ایپ اینڈرائیڈ  فونز پر متعارف کرائی گئی ہے۔ عام شہری، ہوائی سفر کرنے والے مسافر اور شہری ہوابازی سے منسلک دیگر سٹیک ہولڈرز اب ایسے کسی بھی واقعے کو رپورٹ کرسکتے ہیں جو جہاز یا اس میں سوار مسافر یا ایئرپورٹس اور اس کے نظام کے لیے نقصان کا باعث بن سکتے ہوں۔ 
سول ایوی ایشن حکام کے مطابق شکایت رپورٹ کرنے والا شخص اپنی شناخت ظاہر کرنے کا پابند نہیں ہوگا تاہم ایپ میں شکایت کنندہ سے تفصیلات طلب کی جائیں گی۔  
حکام کے مطابق کسی بھی شکایت کی صورت میں سول ایوی ایشن اتھارٹی شکایت کنندہ سے رابطہ کر کے مزید تفصیلات یا وضاحت طلب کر سکتی ہے اور متعلقہ حکام سے وضاحت طلب کرنے کی بھی پابند ہوگی۔  
شکایت کنندہ فائلز، تصاویر وغیرہ کے ساتھ وضاحتی ثبوت کے طور پر اپنا بیان بھی اپ لوڈ کر سکے گا۔  
اس ایپ میں مسافروں کی جانب سے ایئر پورٹ کی عمارت سے لے کر طیارے اور اس کے عملے سے متعلق شکایت درج کرنے کا آپشن موجود ہے۔اس کے علاوہ مسافر کسی بھی فضائی کمپنی کی سروسز اور عملے سے متعلق بھی شکایت درج کرواسکتے ہیں۔ 
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے شکایات کے لیے ہیلپ لائن اور آن لائن پورٹل بھی موجود ہے تاہم مسافروں کو شکایات کے اندراج کو آسان بنانے اور جلد ازالے کے لیے موبائل ایپ متعارف کروائی گئی ہے۔ 

شیئر: