پانچ سے گیارہ سال کے بچوں کو فائزر ویکسین لگائی جا سکتی ہے: وزارت صحت
اتوار 24 اکتوبر 2021 18:15
طبی مطالعہ جات کے نتائج حوصلہ افزا ہیں(فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ’ پانچ سے گیارہ سال کی عمر کے بچوں کو کورونا وائرس سے تحفظ کے لیے فائزر ویکسین لگائی جاسکتی ہے، اس کا اعلان جلد متوقع ہے‘۔
عکاظ اخبار کے مطابق ترجمان کا کہنا ہے کہ ’کورونا کی ویکسینوں کی افادیت سے متعلق کیے جانے والے طبی مطالعہ جات کے نتائج حوصلہ افزا ہیں۔ اس کا امکان بڑھ گیا ہے کہ بارہ برس سے کم عمر کے بچوں اور بچیوں کو فائزر ویکسین دی جاسکتی ہے‘۔
العبد العالی نے مزید کہا کہ ’ابھی تک اس حوالے سے کارروائی مکمل نہیں ہوئی ہے۔ سارا کام مقررہ طریقے کے مطابق انجام دیا جائے گا‘۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ’ سپیشلسٹ ادارے اس پر کام کررہے ہیں۔ آئندہ دو روز کے دوران اہم میٹنگیں ہوں گی۔ ممکن ہے کہ چھ روز کے اندر اہم فیصلہ جاری ہوجائے‘۔