Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں ٹیچر کا بیوی کو 'محبت کی علامت' تاج محل کا تحفہ

تاج محل کے جیسا یہ گھر تین سال میں تعمیر ہوا ہے۔ (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
انڈیا کی ریاست مدھیہ پردیش کے ایک رہائشی نے اپنی اہلیہ کو محبت کی علامت ’تاج محل‘ سے ملتا جلتا گھر تحفے میں دیا ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق تعلیم کے شعبے سے وابستہ آنند پرکاش نے تاج محل کی طرز پر چار کمروں کی عمارت اپنی اہلیہ منجوشا چوکسے کے لیے تعمیر کروائی ہے۔
انند پرکاش اور ان کی اہلیہ نے گھر تعمیر کروانے سے پہلے تاج محل کا دورہ کیا جو صدیوں پہلے مغل بادشاہ شاہ جہان نے اپنی اہلیہ ممتاز محل کے لیے بنوایا تھا۔

جوڑے نے آگرہ میں تاج محل کے فن تعمیر کا جائزہ لیا اور انجینیئرز کو ہدایت کی کہ وہ اس کے سٹرکچر سے متعلق تمام تفصیلات کو نوٹ کریں۔
ابتدا میں آنند پرکاش نے انجینیئرز سے 80 فٹ بلند گھر بنانے کو کہا تھا لیکن انتظامیہ سے انہیں اجازت نہیں مل سکی تھی، جس کے بعد انہوں تاج محل سے مشابہت رکھتا ہوا گھر بنانے کا فیصلہ کیا۔
آنند پرکاش کے منفرد گھر کو بننے میں تین سال کا عرصہ لگا ہے جسے انجینیئرز نے تھری ڈی امیج کی بنیاد پر تعمیر کیا ہے۔

انند پرکاش کے خیال میں برہان پور آنے والا کوئی بھی سیاح ان کا گھر دیکھے بغیر نہیں رہ سکے گا۔
کنسلٹنٹ انجینیئر پراوین چوکسے کے مطابق تاج محل کے جیسا یہ گھر 90 مربع میٹر کے رقبے پر محیط ہے جس میں مینار بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔
منفرد گھر 60 مربع میٹر کے بنیادی ڈھانچے پر کھڑا ہے جس کی دوسری منزل پر دو کمرے ہیں، جبکہ گنبد 29 فٹ اونچا ہے۔ 

گھر کی تعمیر کے منصوبے کے آغاز سے قبل انجینیئر نے تاج محل کے علاوہ اورنگ آباد میں واقع اس سے مماثلت رکھنے والے بی بی کے مقبرے کی بناوٹ کا بھی تفصیلی جائزہ لیا تھا۔

شیئر: