زُلفی بخاری کی جگہ ایوب آفریدی مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز مقرر
ایوب آفریدی کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم کے صوابدید ہے جس کو چاہے ذمہ داری دیں (فوٹو ٹوئٹر)
پاکستان تحریک انصاف کے سابق سینیٹر ایوب آفریدی کو استعفے کے بعد اوورسیز پاکستانیوں کے لیے وزیراعظم عمران خان کا مشیر مقرر کردیا گیا ہے۔
منگل کو جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن کے مطابق ’صدر پاکستان نے وزیراعظم کی ہدایت پر ایوب آفریدی کو وزیراعظم کا مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ مقرر کیا گیا ہے۔‘
نوٹیفیکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایوب آفریدی کا عہدہ وزیر مملکت کے برابر ہوگا۔
واضح رہے کہ ایوب آفریدی کے سینیٹ سے استعفے کے بعد مشیر خزانہ شوکت ترین کو سینیٹر بنانے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
ایوب آفریدی نے استعفے کے بعد نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے وزیراعظم عمران خان کو استعفی پیش کیا ،لیکن مشترکہ اجلاس کے باعث انتظار کا کہا گیا۔ میری سینیٹ کی نشست وزیراعظم کی امانت تھی۔ خوشی کے ساتھ واپس کیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم کے صوابدید ہے جس کو چاہے ذمہ داری دیں۔ اگر وزیراعظم کوئی ذمہ داری نہیں بھی دیں گے تو تب بھی کوئی اعتراض نہیں، مجھے موقع دیا گیا تو قوم و ملک کی خدمت کروں گا۔‘
یاد رہے کہ ان سے قبل زلفی بخاری وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اورسیز پاکستانیز تھے جنہوں نے موٹر وے سکینڈل میں نام آنے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔