چار شادیاں،خوش قسمت مردہ:دلچسپ خبروں کا سال
اس خبر نے سب کو حیران کر دیا کہ بطخیں بھی طوطوں کی طرح باتیں کر سکتی ہیں (فوٹو ڈیلی میل)
2021 کا سال اگرچہ کورونا کی وبا، سیلابوں اور جنگلوں میں لگنے والی آگ کی نذر ہوگیا مگر پھر بھی اس برس کچھ ایسی عجیب و غریب اور دلچسپ خبریں بھی سامنے آتی رہیں جن کی وجہ سے لوگوں کو خوش ہونے کا موقع بھی ملا۔
اے ایف پی نے سال بھر سامنے آنے والی کچھ ایسی ہی خبروں کو اکٹھا کیا ہے۔
ایونکا ٹرمپ کے سیکرٹ ایجنٹس
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی چہیتی بیٹی ایوانکا ٹرمپ نے اپنی حفاظت پر مامور امریکی خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں کو اپنے واشنگٹن میں موجود محل کے باتھ روم استعمال کرنے سے منع کر دیا تھا۔
اس وجہ سے بیچارے خفیہ ایجنٹوں کو باتھ روم استعمال کرنے کے لیے قریب ہی واقع سابق صدر باراک اوباما کے گھر جانا پڑتا تھا۔
اس بات کا انکشاف جنوری میں ڈونلڈ ٹرمپ کے وائٹ ہاؤس چھوڑنے سے چند دن پہلے ہوا۔
’کتے کی زندگی‘
کینیڈا کے صوبہ کیوبک میں کورونا کی وبا میں لگے کرفیو کے دوران ایک خاتون نے اپنے خاوند کو کتے کا پٹا پہنایا اور واک کرنے نکل گئیں۔
جب پولیس نے انہیں روکا تو ان کا کہنا تھا کہ ’میں اپنے کتے کو واک کروا رہی اور قانونی طور پر یہ جائز ہے۔‘
خوش قسمت مردہ
انڈیا میں موٹر سائیکل حادثے میں ایک شخص کو مردہ قرار دیا گیا، لیکن جب ڈاکٹر پوسٹ مارٹم کے دوران اس کے جسم کی چیر پھاڑ کرنے ہی والے تھے تواس نے ہلنا جلنا شروع کر دیا۔
نام میں کیا رکھا ہے؟
تائیوان کی حکومت اس وقت لوگوں کو نام تبدیل نہ کرنے کی اپیل کرنے پر مجبور ہو گئی جب اپریل میں سوشی ریسٹورنٹس کی چین نے کہا کہ جن لوگوں کے نام سالمن مچھلی جیسے ہوں گے ان کو انعامات دیے جائیں گے۔
کسی نے اپنا نام ’سالمن پرنس‘ اور کسی نے ’سالمن فرائیڈ رائس‘ رکھ لیا۔
کیمرے کی جھلک
کینیڈا میں ایک رکن اسمبلی برہنہ حالت میں ہاؤس آف کامنز کی زوم میٹنگ میں شامل ہوگئے۔ وہ کمرے میں موجود اپنے باتھ روم سے برہنہ نکلے اور اس وقت کیمرہ آن تھا۔
اور بات صرف یہیں نہیں رکتی۔ اس واقعے کے چھ ہفتوں بعد وہ ایک ورچوول کمیٹی میٹنگ میں ایک کافی کپ کے اندر پیشاب کرتے پکڑے گئے۔
چار شادیاں اور 32 چھٹیاں
تائیوان کے ایک کلرک نے ایک ہی مہینے کے اندر اس لیے چار شادیاں رچا لیں کہ انہیں ہر شادی کے لیے تنخواہ کے ساتھ آٹھ چھٹیاں ملیں گی۔
بولتی بطخیں
ستمبر میں اس خبر نے سب کو حیران کر دیا کہ بطخیں بھی طوطوں کی طرح باتیں کر سکتی ہیں۔ حیاتیات کے ماہرین نے کہا کہ بطخیں نہ صرف انسانوں جیسی آوازیں نکال سکتی ہیں بلکہ وہ دروازہ بند ہونے کی آواز بھی نکال سکتی ہیں۔
’مجھے جیل بھیجو!‘
منیشیات کے کیس میں گھر میں نظر بند ایک شخص نے پولیس سے درخواست کی کہ انہیں جیل بھیجا جائے کیونکہ وہ گھر میں اپنی بیوی کے ساتھ نتھی ہو کر نہیں رہ سکتے۔
پولیس نے ان کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے انہیں گھر سے جیل بھیج دیا۔