Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورثے کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے اقدامات

کمیشن مختلف شعبوں میں 100 منصوبوں پر کام کر رہا ہے( فوٹو عرب نیوز)
سعودی ہیریٹیج کمیشن نے مملکت کے ورثے کے شعبے میں نجی شعبے کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے کے لیے 100 منصوبے اور 34 انیشیٹوز شروع کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی ہیریٹیج کمیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جاسر الحربش نےسی این بی سی عربیہ کو بتایا کہ کمیشن تعلیم کے شعبے، ایکسپلوریشن کمپنیوں، ایکسپلوریشن مشنز اورغیر منافع بخش تنظیموں اور مقامی کمیونٹی کو فعال کرنے کے لیے 100 منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔
الحربش نے کہا کہ کمیشن مقامی اور بین الاقوامی ریسرچ مشن شروع کرے گا اور 2030 تک 95 مشنز تک پہنچنے کا ہدف ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمیشن نے اب تک مملکت کے تقریباً 10 فیصد آثار قدیمہ کے مقامات دریافت کیے ہیں اوراس کا ہدف 90 فیصد چھپے ہوئے خزانوں کو دریافت کرنا ہے۔ الحربش نے مزید کہا کہ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے 2030 تک 50  انیشیٹوز شروع کیے جائیں گے۔
کمیشن نے 29 ستمبر کو سعودی ورثے کے شعبے کی ترقی کے لیے اپنی حکمت عملی ظاہر کی جو قوم کی ثقافت کو طرز زندگی کے طور پر ترقی دینے، اقتصادی ترقی کے لیے اور ملک کی بین الاقوامی حیثیت کو بڑھانے کے لیے آٹھ اہم ستونوں پر انحصار کرتی ہے۔
سعودی ہیریٹیج کمیشن نے 2021 میں مملکت میں آثار قدیمہ اور تاریخی مقامات کو ریکارڈ کرنے، ان کا انتظام کرنے اور انہیں محفوظ کرنے کے لیے قومی نوادرات کا رجسٹر قائم کیا۔ اس سال 624 نئے آثار قدیمہ اور تاریخی مقامات ریکارڈ کیے گئے جن میں اب تک آٹھ ہزار سے زیادہ مقامات رجسٹرڈ ہیں۔
سعودی ہیریٹیج کمیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسرجاسر الحربش نے کہا کہ سعودی ورثے کو ایک اقتصادی وسائل کے طور پر سمجھا جاتا ہے اور کمیشن کا مقصد ثقافتی ورثے کو اس کے انتظام اور مالیات کی سہولت فراہم کرکے پائیدار مصنوعات میں تبدیل کرنا ہے۔

شیئر: