حسن علی کے ساتھ بولنگ کرنے میں مزا آتا ہے: شاہین شاہ آفریدی
حسن علی کے ساتھ بولنگ کرنے میں مزا آتا ہے: شاہین شاہ آفریدی
جمعہ 3 دسمبر 2021 21:31
شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ 'حسن علی ایک فائٹر ہیں۔' (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ انہیں حسن علی کے ساتھ بولنگ کا مزہ آیا کیونکہ ان کی وجہ سے انہیں ٹیسٹ میچوں میں مخالفین کو دباؤ میں لانے میں مدد ملی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آفریدی اور حسن 2021 میں پاکستان کی نئی تیز بولنگ جوڑی کے طور پر ابھرے ہیں اور دونوں نے مشترکہ طور پر ٹیسٹ میچز میں 83 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
جمعہ کو شاہین شاہ آفریدی نے بنگلہ دیش کے خلاف سنیچر سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ سے قبل ڈھاکہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'مجھے اس کے ساتھ بولنگ کرنے میں مزا آتا ہے۔'
'اس سال ان کی 39 وکٹیں ہیں اور میری 44 ہیں۔ ہم شراکت داری میں بولنگ کرتے ہیں اور آپس میں منصوبہ بندی کرتے ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'اگر کوئی بلے باز اچھا کھیلتا ہے تو ہم دونوں منصوبہ بندی کرتے ہیں ہے کہ اسے کیسے پکڑ سکتے ہیں یا کنفیوز کر سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مجھے اس کے ساتھ بولنگ کرنے میں مزہ آتا ہے۔ وہ ایک فائٹر ہے۔'
چٹاگانگ میں پہلے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کی آٹھ وکٹوں سے جیت میں حسن اور آفریدی نے عممدہ کارکردگی دکھائی اور دونوں نے پانچ پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
حسن علی نے پہلی اننگز میں 51 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 330 رنز بنا سکی۔ شاہین شاہ آفریدی نے دوسری اننگز میں 32 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کی اور بنگلہ دیش کو بڑا ہدف دینے سے روکا۔
شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ 'ایشیا میں وکٹیں کم و بیش سست ہوتی ہیں۔ لوگ کہتے ہیں کہ سپنرز کو یہاں زیادہ مدد ملتی ہے۔ لیکن اگر آپ جسمانی طور پر مضبوط اور طاقت ور ہیں تو یہاں کارآمد ہونا ممکن ہے۔ آپ کو شراکت داری میں باؤلنگ کرنے کی ضرورت ہے۔'
بنگلہ دیشی میزبان سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں واپسی کے لیے بے چین ہوں گے، لیکن آفریدی نے ان سے وعدہ کیا کہ وہ ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
شاہین شاہ آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ 'مومینٹم اچھا ہے اور ٹیم کا کمبی نیشن بھی شاندار ہے۔'
'لڑکے دوسرے ٹیسٹ کے لیے تیار ہیں۔ یقیناً ہم لڑیں گے اور سیریز کا اختتام اچھے طریقے سے کریں گے۔'