حسن علی کی پانچ وکٹیں: ’اب ہم کو چاہیے فُل عزت‘
حسن علی ٹی20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے تھے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
چند ہفتے قبل آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں میتھیو ویڈ کا کیچ چھوڑنے والے حسن علی کرکٹ شائقین کی تنقید کی زد میں تھے لیکن بنگلہ دیش کے خلاف ان کی بولنگ نے دوبارہ انہیں لوگوں کی آنکھ کا تارہ بنا دیا ہے۔
چٹوگرام میں بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں حسن علی اپنے ٹیسٹ کیریئر میں چھٹی مرتبہ پانچ وکٹیں لیں اور ان کی عمدہ بولنگ کے باعث بنگلہ دیش کی ٹیم 330 رنز تک محدود رہی۔
ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز جب بنگلہ دیش کی پہلی اننگ کا اختتام ہوا تو حسن علی کے بولنگ فگرز 51-5 تھے۔
سوشل میڈیا صارفین ان کی اچھی بولنگ کے بعد نہ صرف انہیں سراہ رہے ہیں بلکہ ان کے ناقدین کو بھی ایسا کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
زہرا نامی صارف نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’آپ کو وکٹ کی ضرورت ہے، آپ حسن علی کے پاس جائیں۔‘
نوید ندیم نامی ٹوئٹر صارف نے حسن علی کو ’لمبی ریس کا گھوڑا‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’وہ پاکستان کے لیے ایک خاص ٹیلنٹ ہیں اور پاکستان کو ان کی حفاظت کے لیے کام کرنا چاہیے اور ان کو سپورٹ کرنا چاہیے مشکل وقت میں۔‘
آشاتوش نامی صارف نے انڈین ڈرامہ ’مرزا پور‘ کے کردار کی تصویر لگائی اور اس تصویر پر لکھا تھا ’اب ہم کو چاہیے فُل عزت۔‘
ایک صارف نعمان بن بشیر تو آج بھی غصے میں نظر آئے لیکن یہ غصہ حسن علی نہیں بلکہ ان کے ناقدین کے لیے تھا۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں فاسٹ بولر کے ناقدین کو ’موسمی فینز‘ قرار دیا اور حسن علی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے لکھا کہ ٹیسٹ کرکٹ ہی ایک بالر کا امتحان ہوتا ہے۔