Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مقدمات میں ملوث تارکین کا مسئلہ بھی حل کرینگے، قونصلر ٹیموں کے دوروں میںاضافہ کردیا، شہریار

غیر قانونی مقیم پاکستانیوں کیلئے قونصلیٹ میں پی آئی اے او رشاہین ایئر کے خصوصی کاﺅنٹر قائم کرنے پر غور کیا جائیگا، اضافی پروازیں چلانے کیلئے سفارش کی جائیگی، پریس کانفرنس
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) قونصل جنرل شہریار اکبر خان نے کہا ہے کہ مملکت میں مقیم غیر قانونی تارکین سعودی حکام کی جانب سے دی جہانے والی 90 روزہ مہلت سے فائدہ اٹھا کر جلد از جلد وطن روانہ ہو جائیں ۔ ہم وطنوں کی رہنمائی اور انہیں قانونی امداد فراہم کرنے کےلئے قونصلیٹ میں خصوصی ڈیسک قائم کئے ہیں ۔وہ بدھ کی سہ پہر غیر قانونی تارکین کے لئے مملکت کی جانب سے دی جانے والی مہلت کے حوالے سے کی جانے والی تیاریوں کے بارے میں قونصلیٹ میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ شہریا ر اکبر خان نے مزید کہا ماضی میں دی جانے والی مہلت کے دوران 9 لاکھ 50 ہزار پاکستانی مستفیض ہوئے تھے ۔موجودہ مہلت اس اعتبار سے مختلف ہے کہ اس میں عمرہ ، حج ، وزٹ اور ٹرانز اوور اسٹئیر ز کےلئے یہ سہولت ہے کہ وہ کنفرم ٹکٹ لیکر براہ راست ائیر پور ٹ جائیں ۔ اس بارے میں قونصلیٹ کے افسران نے ائیر پورٹ پر محکمہ پاسپورٹ کے حکام سے ملاقات کر کے تمام معاملات کا جائزہ لیا ہے جہاں مقامی ادارے نے خصوصی کاونٹرز قائم کئے ہیں ۔ شہریا راکبر خان نے مزید کہا کہ ائیر پورٹ پر قومی ائیر لائن کے عملے کو بھی اس بارے میں مطلع کر دیا گیا کہ جو اوور اسٹئیر کنفرم ٹکٹ لیکر آئے اسے فورا بورڈنگ پاس جاری کر دیاجائے تاکہ وہ براہ راست امیگریشن کاﺅنٹر تک پہنچ جائیں جہاں سے انکا ایگزٹ لگایا جائیگا ۔مہلت کے پہلے دن قونصلیٹ آ نے والے تارکین کے حوالے سے قونصل جنرل نے بتایا کہ پہلے روز 200 سے زائد افراد نے ہیلپ ڈیسک سے رجوع کیااس حوالے سے قونصلیٹ کی جانب سے خصوصی فارم بنائے گئے ہیں جس میں درخواست گزار کا ڈاٹا فیڈ کیا جاتا ہے ۔ ایک سوال پر قونصل جنرل نے کہا کہ وہ تارکین جن کے پاسپورٹ کی میعاد ختم ہو چکی ہے ان کےلئے 2 طریقے ہیں یا تو اسی پاسپورٹ پر محدود مدت کی تجدید کر دی جائے یا نیا پاسپورٹ بنایا جائے ۔ نئے پاسپورٹ کی تیاری کے حوالے سے پاکستان میں متعلقہ وزارت کو سفارش کی ہے کہ وہ سعودی عرب سے آنے والے پاسپورٹ کی تجدید جلد کردیں تاکہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں لوگ مہلت سے مستفیض ہو سکیں ۔ علاوہ ازیں نادرا کو بھی سفارش کی ہے کہ وہ شناختی کارڈ کی ترسیل بھی جلد کردیں جس کی بنیاد پر پاسپورٹ کی تجدید ممکن ہوتی ہے ۔ آوٹ پاس کی میعاد کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے قونصل جنرل نے کہا کہ اس کی اجازت بھی متعلقہ ادارے سے طلب کی گئی ہے ۔ قونصلیٹ میں پی آئی اے اور شاہین ائیر لائن کے خصوصی کاﺅنٹر ز قائم کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے تاکہ واپس جانے والے تارکین کو قونصلیٹ میں ہی یہ سہولت حاصل ہو سکے ۔ پی آئی اے سے خصوصی پروازیں چلانے کے لئے سفارش کی جائیگی ۔ مملکت کے دیگر شہروں میں قونصلر ٹیم کے دوروں میں بھی اضافہ کر دیاگیا ہے ۔ وہ تارکین جن کے خلاف مختلف مقدمات قائم ہیں انکے حل کےلئے بھی قونصلیٹ بھرپور تعاون کرے گی ان حالات میں انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائیگا ۔ انہو ںنے مزید کہا کہ قونصلیٹ کے افسران مقامی لیبر آفس اور ڈیپورٹیشن سینٹر کے اعلی عہدیداروں سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ بہتر انداز میں ہم وطنوں کی رہنمائی کی جاسکے ۔ 
 
 

شیئر: