آئی ایم ایف کی شرائط نے قوم کو جکڑ لیا ہے، کچھ نہ کیا تو تباہی مقدر ہوگی‘
آئی ایم ایف کی شرائط نے قوم کو جکڑ لیا ہے، کچھ نہ کیا تو تباہی مقدر ہوگی‘
ہفتہ 4 دسمبر 2021 13:57
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مہنگائی، بے روزگاری اور افراط زر معیشت کو کھوکھلا کر رہی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ’ملک کی معاشی صورتحال انتہائی خراب ہے۔ آئی ایم ایف کی نئی شرائط نے پوری قوم کو جکڑ لیا ہے، کچھ نہ کیا تو تباہی ہمارا مقدر ہوگی۔‘
سنیچر کو لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ ’ہم سنگین ترین معاشی بحران میں مبتلا ہیں، کووڈ 19 سے پوردی دنیا میں مہنگائی آئی ہے لیکن کورونا سے پہلے بھی اس حکومت کی کارکردگی خراب تھی۔‘
انہوں نے تحریک انصاف کی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو آئی ایم ایف کا غلام بنا رہی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت نے تین سال میں معیشت کی تباہی کی، مہنگائی میں پاکستان کا تیسرا نمبر ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور افراط زر معیشت کو کھوکھلا کر رہی ہے۔
شہباز شریف کے بقول ’نواز حکومت کا اس فسطائی حکومت سے کوئی مقابلہ ہی نہیں، ہم نے قرضوں سے مل و قوم کی خدمت کی تھی۔ قرضے لینے کے علاوہ اس حکومت نے کوئی کام نہیں کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ جون 2018 میں ڈالر 122 روپے تھا اور آج ڈالر 179 روپے پر پہنچ گیا ہے۔ ’جنگی بنیادوں پر اقدامات کر کے ملک کو اس صورتحال سے نکالنا ہوگا، پاکستان اور پی ٹی آئی اکٹھے نہیں چل سکتے۔‘
’لانگ مارچ کا فیصلہ چھ دسمبر کو‘
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس اس وقت دو پلیٹ فارمز ہیں ایک پی ڈی ایم اور دوسرا متحدہ اپوزیشن کا کا پلیٹ فارم ہے اور یہ دونوں پلیٹ فارمز متحرک ہیں۔ متحدہ اپوزیشن نے مل کر مقابلہ کیا ہے۔
’پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) چھ دسمبر کو لانگ مارچ سے متعلق ٹھوس فیصلہ کرے گی۔‘
اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے فیصلے پر انہوں نے کہا کہ ’اوورسیز پاکستانی ہمارے سفارتکار ہیں، انہیں ووٹ کا حق ملنا چاہیے لیکن ہمیں اس کے طریقہ کار سے اختلاف ہے۔‘
سیالکوٹ واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ’سیالکوٹ واقعے سے پوری قوم کا سر شرم سے جھک گیا، سری لنکا کے پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، ہمارے دور میں ایسے واقعات کو سیاسی رنگ دیا گیا۔‘
'سیاست چمکانا اور لوگوں کو دھوکہ دینا صحیح بات نہیں'
دوسری جانب شہباز شریف کی پریس کانفرنس کے جواب میں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت پر اپنی سیاست چمکانا اور لوگوں کو دھوکہ دینا صحیح بات نہیں ہے۔
سنیچر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے نہیں بڑھ رہی بلکہ مہنگائی اس وجہ سے ہے کہ عالمی منڈی میں ہر چیز کی قیمت بہت زیادہ بڑھ چکی ہے۔
'ہم بہت زیادہ چیزیں حتیٰ کہ کھانے پینے کی اشیا باہر سے منگواتے ہیں اور جب عالمی منڈیوں میں قیمتیں بڑھ جائیں تو پاکستان میں بھی بڑھ جاتی ہیں۔'
حماد اظہر کا کہنا تھا اس وقت صرف ہم ہی نہیں بلکہ خطے کے دیگر ممالک اور امریکہ، یورپ سمیت وہ تمام ملک جن کے پاس وسائل بھی ہیں، وہاں بھی 20 20، 30 30 سال سے زیادہ مہنگائی کی شرح چل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ جیسے پی عالمی منڈی میں قیمتیں نیچے آنا شروع ہوگی، جس کے کچھ اثرات نظر آنا شروع ہوگئے ہیں تو پاکستان میں بھی قیمتیں نیچے آ جائیں گی۔
'لیکن یہ کہنا اور لوگوں کی آنکھوں میں دوبارہ آ کر دھول جھونکنا کہ شاید یہ حکومت کی وجہ سے ہے اور جو ان بین الاقوامی منڈیوں کی افراط زر ہے جس ہر سارے عالمی ادارے بھی بات کر رہے ہیں، اس پر اپنی سیاست چمکانا اور لوگوں کو دھوکہ دینا صحیح بات نہیں ہے۔'