’معیشت درست سمت میں، پچھلے سال کی نسبت مہنگائی بھی کم ہوئی‘
شوکت ترین کے مطابق انڈیا سمیت خطے کے دیگر ممالک کو بھی مہنگائی کا سامنا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ ملکی معیشت درست سمت میں آگے بڑھ رہی اور پچھلے سال کی نسبت مہنگائی بھی کم ہوئی ہے۔
جمعے کو اسلام آباد میں مشیر تجارت رزاق داؤد کے ہمراہ پریس کانفرنس میں شوکت ترین نے بتایا کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں رواں سال ریونیو 36 فیصد زیادہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تیل اور دوسری برآمدی اشیا کے باعث موجودہ مہنگائی بھی اگلے چند روز میں کم ہو جائے گی کیونکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے۔
شوکت ترین کے مطابق انڈیا سمیت خطے کے دیگر ممالک کو بھی مہنگائی کا سامنا ہے۔
’ہم احساس راشن کارڈ اور کامیاب جوان کے تحت نچلے طبقے کو ریلیف دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے سٹیٹ بینک کے حوالے سے بتایا کہ اب اس کی جانب سے ہر ڈیڑھ ماہ بعد مانیٹری پالیسی جاری ہوا کرے گی۔
شوکت ترین کے مطابق ’ڈسکاؤنٹ ریٹ کو بڑھا کر آٹھ اعشاریہ 45 کیا گیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ نیچے آنے کی ہیڈ لائنز لگیں لیکن جب صورت حال بہتر ہوتی ہے تو چھوٹی چھوٹی خبریں لگتی ہیں۔
مشیر خزانہ نے عوام کو صبر کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ برآمدات بڑھ رہی ہیں۔ ’ترسیلات زر اور برآمدات مل کر خلا کو پورا کریں گی۔ صبر کریں، انٹرنجشنل پرائسز نیچے آئیں گی۔‘
پریس کانفرنس میں اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہو گئی جب شوکت ترین نے کہا ’گھبرانے کی ضرورت نہیں‘ جس پر صحافیوں کے ہنسنے کی آواز بھی آئی۔
اسی طرح مشیر تجارت رزاق داؤد بھی بات کرتے ہوئے یہی الفاظ دوہرا گئے جس پر ایک بار پھر قہقہے سنائی دیے۔