Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گورنر پنجاب اپنی ہی حکومت کے خلاف کیوں بول رہے ہیں؟

صوبہ پنجاب کے گورنر چوہدری سرور آج کل برطانیہ کے دورے پر ہیں۔ (فوٹو: اے پی پی)
 پاکستان کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب کے گورنر چوہدری سرور آج کل برطانیہ کے دورے پر ہیں ان کے کچھ بیانات سوشل میڈیا پر گردش کر رہے ہیں جن میں وہ اپنی ہی حکومت پر بظاہر تنقید کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
ایک بیان جو سوشل میڈیا پر وائرل ہے اس میں ان کا کہنا ہے کہ ’آئی ایم ایف پاکستان کو 6ارب ڈالر کا قرضہ دے رہا ہے اور یہ قرضہ اگلے تین سالوں میں دیا جائے گا یعنی ہر سال دو ارب ڈالر اور اس کے بدلے میں انہوں نے پاکستان کے تمام اثاثے گروی رکھوا لے لیے ہیں۔‘
اس سے پہلے ان سے ایک اور بیان بھی منسوب کرکے چلایا جارہا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ ’میں اس لیے ڈیلیور نہیں کر سکا کیونکہ جو پوزیشن مجھے دی گئی تھی وہ ایک ناکارہ پوزیشن تھی اور ایک حساب سے مجھے سائیڈ پر لگا دیا گیا تھا اس لیے میں کوئی کام نہیں کر سکا۔‘
گورنر پنجاب چوہدری سرور کے قریبی ذرائع سے اردو نیوز کو اس بات کی تصدیق ہوئی ہے گورنر پنجاب حالیہ دورے کے دوران مختلف نجی محافل میں اس سے زیادہ تنقید بھی حکومت پر کر رہے ہیں ۔
منگل کے روز پاکستان کے ایک صحافی کے گھر لندن میں 10 افراد کے روبرو انہوں نے حکومت وقت پر اس سے بھی زیادہ شدید تنقید کی ہے۔
لندن میں پاکستانی صحافی کے گھر ہونے والی گفتگو میں اردو نیوز کے ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب نے یہ تک کہا ہے کہ مسلم لیگ ق، جہانگیر ترین اور پیپلزپارٹی کسی بھی وقت حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لا سکتے ہیں۔
اس حوالے سے اردو نیوز نے پاکستان کے سینیئر صحافی سے رابطہ کرکے کے بات کرنے کی کوشش کی تاہم انہوں نے ان سوالات کا جواب ابھی تک نہیں دیا ہے۔
گورنر پنجاب کے ترجمان سے بھی بار بار رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم وہ دستیاب نہیں تھے۔

شیئر: