نطاقات کا نیا پروگرام ، تین سال میں 3 لاکھ 40 ہزار سعودیوں کو ملازمتیں ملیں گی
نئے پروگرام کے تحت 32 شعبوں میں سعودائزیشن نافذ ہو گی (فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے سعودی عرب میں تمام نجی کمپنیوں و اداروں پر(نطاقات) کا نیا پروگرام نافذ کیا ہے۔
نئے پروگرام کا مقصد لیبر مارکیٹ میں سعودیوں کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا، ملکی مجموعی پیداوار بڑھانا اور سعودائزیشن کے فیصلوں کو نئی جہت دینا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق نطاقات کا نیا پروگرام کے تحت سعودائزیشن کا تین سالہ پروگرام نافذ ہوگا ۔ نیا پروگرام سوچ اورعمل دونوں حوالوں سے انتہائی سادہ بنایا گیا ہے۔اس کی بدولت سعودی نوجوانوں کو نجی اداروں میں ملازمت کے حوالے سے اطمینان حاصل ہو گا۔
سعودی کارکنان کی تعداد میں اضافے سے نجی کمپنیوں اور اداروں کی پوزیشن بہترہوگی۔ نئے پروگرام کے تحت 85 کے بجائے 32 شعبوں میں سعودائزیشن نافذ ہو گی ۔
نئے پروگرام کے تحت آئندہ تین برسوں کے دوران تین لاکھ چالیس ہزارسے زیادہ سعودیوں کو نجی کمپنیوں و اداروں میں ملازمتیں ملیں گی۔
وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ نطاقات کا نیا پروگرام نجی اداروں و کمپنیوں اور متعلقہ سرکاری اداروں نے مل کر تیار کیا ہے۔ اس حوالے سے تفصیلات دیے گئے لنک پر حاصل کی جا سکتی ہیں۔