Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ ٹورازم سیکٹر‘ میں لوکلائزیشن کی شرح میں اضافہ کیا جائے: سعودی شوری کونسل

سیاحوں کو راغب کرنے کےلیے جامع حکمت عملی پر کام کیا جائے۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی شوری کونسل نے وزارت سیاحت سے مطالبہ کیا ہے کہ ’ ٹورازم سیکٹر‘ میں لوکلائزیشن کے تناسب میں اضافے کےلیے جامع انداز میں کام کیا جائے۔
اخبار 24 کے مطابق مجلس شوری کے اجلاس میں مملکت میں سیاحت کے فروغ کے لیے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ بیرونی سیاحوں کو راغب کرنے کےلیے جامع حکمت عملی پر کام کیا جائے۔
سیاحتی مقامات پر ان کے قیام کی مدت میں اضافے کی سکیمیں متعارف کرائی جائیں علاوہ ازیں سیاحتی سیکٹر میں ہونے والی خلاف ورزیوں کا تدارک کرنے کےلیے سرمایہ کاروں کے ساتھ ورکشاپس منعقد کیے جائیں۔
کونسل نے اس بات پر بھی زوردیا کہ سیاحتی اداروں کے کردار کو فعال بنانے کےلیے ٹورسٹ گائیڈ کے لیے جامع منصوبے مرتب اور سیاحتی مقامات کا تعارف کرایا جائے جو سیاحت کے مزید فروغ میں بہتر اقدام ہو گا۔
شوری کونسل نے جازان یونیورسٹی کے حوالے سے سفارش کی کہ وہاں خوراک اور زرعی علوم کے مطالعہ سے متعلق پروگرامز منعقد کرنے کی ضرورت ہے تاکہ زرعی شعبے کو ترقی دی جاسکے۔
ام القری یونیورسٹی کے بارے میں شوری کونسل کا کہنا تھا کہ وہ اپنے اسٹراٹیجک مقاصد کو سامنے رکھتے ہوئے بین الاقوامی طلبا کی سیٹوں میں اضافہ پر کام کرے ۔
اجلاس میں مکہ مکرمہ ریجن میں یونیورسٹی ہسپتال کے منصوبے کی اہمیت پر بھی اجلاس میں بحث کی گئی۔

شیئر: