چھ سرکاری اداروں میں آپریشنل سیکٹر کی سعودائزیشن کا آغاز
مقامی صنعتوں کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے( فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کے چھ سرکاری اداروں میں آپریشنل سیکٹر کی سعودائزیشن کا آغاز کیا گیا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری اداروں میں ضرورت کا سامان خریدنے کے لیے ورکنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
ورکنگ ٹیموں کو ٹارگٹ دیا گیا ہے کہ وہ ملکی ساختہ سامان کو ترجیح دیں۔ مقامی صنعتوں کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کریں۔
وزیر صنعت و معدنیات بندر الخریف نے کہا کہ مقامی اشیا کے استعمال پر توجہ مرکوز کرنے سے تمام اقتصادی طبقوں کا فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران اس حوالے سے اصلاحات کے متعدد شاہی فرامین جاری ہوچکے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ مقامی ساختہ اشیا کو ترجیح دی جائے اور قومی معیشت میں ان کا حصہ بڑھایا جائے۔