Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی 20 کے بعد ون ڈے میں بھی روہت شرما انڈین ٹیم کے کپتان

روہت شرما کو وراٹ کوہلی کی جگہ انڈیا کی ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ہِٹ مین کے نام سے مشہور اوپننگ بیٹر روہت شرما کو وراٹ کوہلی کی جگہ انڈیا کی ون ڈے ٹیم کا بھی کپتان مقرر کردیا گیا ہے۔
روہت شرما کو انڈیا کی ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کرنے کا اعلان بدھ کو بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی جانب سے ایک ٹویٹ میں کیا گیا۔
اس سے قبل ہِٹ مین کے نام سے مشہور روہت شرما کو رواں برس نومبر میں وراٹ کوہلی جگہ انڈین ٹی20 ٹیم کا کپتان نامزد کیا گیا تھا اور ان کی قیادت میں ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں کلین سویپ کیا تھا۔
34 سالہ وراٹ کوہلی نے ستمبر میں ٹی20 ٹیم کی کپتانی سے یہ کہہ کر استعفیٰ دے دیا تھا کہ ان پر کام کا بہت دباؤ ہے اور اب ون ڈے کی کپتانی بھی ان سے لے لی گئی ہے۔
دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بلے باز روہت شرما نے انڈین ٹیم کی جانب سے 2007 میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا جبکہ انہوں نے 2013 میں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا۔
روہت شرما انڈین پریمیئر لیگ میں ممبئی انڈینز کی قیادت کرتے ہوئے پانچ مرتبہ ٹائٹل جیت چکے ہیں جب کہ کوہلی کی قیادت میں رائل چیلنجرز بینگلور کی ٹیم ایک مرتبہ بھی یہ ایونٹ نہیں جیت سکی ہے۔
وراٹ کوہلی نے 2017 میں ٹی20 ٹیم کی کپتانی کی ذمہ داری سنبھالی تھی اور انہوں نے کام کے دباؤ کے باعث رواں برس سمتبر میں ہی ٹی20 ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کردیا تھا، تاہم وہ ون ڈے اور ٹیسٹ میں ٹیم کی کپتانی ان ہی کے پاس تھی۔
وراٹ کوہلی جنوبی افریقہ کے خلاف 26 دسمبر سے شروع ہونے والی تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔
انڈیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان یہ سیریز کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کی وجہ سے نہ صرف تاخیر کا شکار ہوئی بلکہ اسے مختصر بھی کردیا گیا ہے۔

شیئر: