Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان نے پہلے ٹی20 میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی20 میچز کی سیریز کے تینوں میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 63 رنز سے شکست دے دی۔
پاکستان کے محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 78 جبکہ حیدر علی نے 68 رنز بنائے جبکہ محمد وسیم نے چار جبکہ شاداب خان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
پیر کو کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کو شروع میں اس وقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب اوپننگ بیٹر اور کپتان بابر اعظم پہلے ہی اوور میں صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کے آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی فخر زمان تھے جو 10 رنز بناسکے۔ محمد رضوان نے 78 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور 16ویں اوور میں سمتھ شیفرڈ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کو چوتھا نقصان آصف علی کی صورت میں ہوا جو صرف ایک رن بنا سکے جبکہ افتخار احمد سات رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
حیدر علی 39 گیندوں پر 68 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور آخری اوور میں آؤٹ ہوئے، محمد نواز نے صرف 10 گیندوں میں 30 رنز بنائے۔ 
201 رنز کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کا پہلا نقصان برینڈون کنگ کی وکٹ کی صورت میں ہوا جبکہ دوسری وکٹ نکولس پوران کی گری جنہیں محمد وسیم نے آؤٹ کیا۔
بروکس چھٹے اوور میں محمد وسیم کا شکار بنے۔ ویسٹ انڈیز کے شائی ہوپ 26 گیندوں پر 31 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شائی ہوپ نے سب سے زیادہ 31 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)

ویسٹ انڈیز کی چھٹی وکٹ 12 ہویں اوور میں گری جب ڈومینک ڈریکس حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ ساتویں نمبر پر رومین پاول آؤٹ ہوئے جبکہ اوڈیئن سمتھ کو شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا۔
رومایو شیفرڈ 21 جبکہ اوشانے تھومس صرف ایک رنز بنا کر محمد وسیم کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
پاکستان کی ٹیم میں بابراعظم، محمد رضوان، افتخار احمد، فخر زمان، حیدر علی، آصف علی، شاداب خان، محمد وسیم جونیئر، محمد نواز، حارث رؤف اور شاہین آفریدی شامل تھے۔

پاکستان کے اوپننگ بیٹر اور کپتان بابر اعظم پہلے ہی اوور میں صفر پر آؤٹ ہوگئے (فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر)

ویسٹ انڈین پلیئنگ الیون
ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں برینڈون کنگ، شاہی ہوپ، شامرہ بروکس، ڈیون تھامس، نکولس پوران، رومین پاول،اوڈیئن سمتھ، ڈومینک ڈریکس، رومایو شیفرڈ، عقیل حیسن اور اوشانے تھامس کو شامل کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی تین ٹی20 میچز کی سیریز کراچی میں کھیلی جائے گی، سیریز کا دوسرا میچ منگل کی شام کھیلا جائے گا۔

شیئر: