دورہ پاکستان پر موجود ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے تین کھلاڑی کورونا کا شکار
کرکٹ ویسٹ انڈیز کے مطابق ’سکواڈ کے دیگر ارکان کے دو مرتبہ کورونا ٹیسٹ کیے گئے جو کہ منفی آئے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
دورہ پاکستان پر موجود ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے تین کھلاڑیوں اور سپورٹنگ سٹاف کے ایک رکن کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
کرکٹ ویسٹ انڈیز کی جانب سے سنیچر کو کی گئی ٹویٹ کے مطابق روسٹن چیز، شیلڈون کوٹریل اور کائل مائرز کورونا مثبت آنے کی وجہ سے پاکستان کے خلاف سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
کرکٹ ویسٹ انڈیز کا مزید کہنا ہے کہ ’تینوں کرکٹرز اس وقت آئسولیشن میں ہیں جبکہ نان کوچنگ سٹاف کا ایک ممبر بھی کورونا کا شکار ہوا ہے۔‘
’چاروں کا پاکستان آمد پر کورونا ٹیسٹ کیا گیا تھا جو کہ مثبت آیا ہے، چاروں افراد کی ویکسینیشن ہوچکی ہے اور ان میں کووڈ کی علامات نہیں ہیں۔‘
کرکٹ ویسٹ انڈیز کے مطابق ’سکواڈ کے دیگر ارکان کے دو مرتبہ کورونا ٹیسٹ کیے گئے جو کہ منفی آئے۔‘
کرکٹ ویسٹ انڈیز نے واضح کیا کہ ’پاکستان کے خلاف سیریز شیڈول کے مطابق جاری رہے گی۔‘
دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی20 میچز 13، 14 اور 16 دسمبر کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچز کی سیریز بھی کراچی میں ہی کھیلی جائے گی۔
دونوں ٹیمیں 18 دسمبر کو پہلے ون ڈے، 20 دسمبر کو دوسرے اور 22 دسمبر کو تیسرے ایک روزہ میچ میں مدمقابل ہوں گی۔