Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف میں بلدیہ کی تفتیشی مہم تیز

بلدیہ کی ٹیموں ریجن میں 35 ہزار تفتشی کارروائیاں کی (فوٹو، ٹوئٹر)
طائف میونسپلٹی نےشہرکے تجارتی مراکز، کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے والی دکانوں کے خلاف تفتیشی مہم تیز کردی ہے۔  
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق طائف کے میئر ڈاکٹراحمد القثامی نے کہا ہے کہ بازاروں اور تجارتی مراکز کے کارکنان کے لیے مقررہ حفظان صحت کے ضوابط کی پابندی چیک کرنے کےلیے تفتیشی مہم میں تیزی لائی گئی ہے۔ تفتیشی مہم میں کورونا ایس او پیز کی پابندی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔
القثامی نے کہا کہ اس بات کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے کہ اشیائے صرف کو ذخیرہ کرنے کے حوالے سے مقررہ ہدایات کی پابندی ہو۔ صارفین کو کھانے پینے کی اشیا اچھی حالت میں مہیا ہوں۔  
القثامی نے اس امر پرمسرت کا اظہار کیا کہ خلاف ورزیوں کی تعداد کم ہو رہی ہے۔ میونسپلٹی اور بلدیاتی کونسلوں کے تفتیشی افسران اور اہلکاروں کی مسلسل چھاپہ مہم کی بدولت  بازاروں، تجارتی مراکز اور دوکانوں میں مقررہ ضوابط کی پابندی بڑھ رہی ہے۔  
القثامی نے مزید کہا کہ طائف اور اس کے مضافات میں 35 ہزار سے زیادہ تجارتی اداروں میں تفتیشی چھاپے مارے گئے ہیں ۔ 

شیئر: