Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان کی موجودہ صورتحال انتہائی سنگین اور دنیا خاموش ہے: عمران خان

عمران خان نے کہا کہ دنیا افغانستان میں پیدا ہونے والے انسانی بحران پر خاموش ہے۔ فوٹو: اے پی پی
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال انتہائی سنگین ہے اور اگر فوری طور پر ایکشن نہ لیا گیا تو پڑوسی ملک افراتفری کا شکار ہو سکتا ہے۔
اتوار کو اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل اجلاس سے اپنے کلیدی خطاب میں پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ فوری ایکشن کی ضرورت ہے کیونکہ ہم یہ بات گزشتہ تین ماہ سے کر رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ دنیا افغانستان میں پیدا ہونے والے انسانی بحران پر خاموش ہے۔ افغان عوام کی مدد کے لیے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔
’عالمی برادری، امریکہ اور یورپ سے درخواست کرتا ہوں کہ افغانستان میں انسانی بحران اور خطے کے ممالک کو پناہ گزینوں کے مسئلے سے دوچار ہونے سے بچانے کے لیے کردار ادا کریں۔‘
انہوں نے کہا کہ یہ افغان عوام کے بقا کا مسئلہ ہے۔ افغانستان چار دہائیوں سے خانہ جنگی کا شکار ہے۔ ’جتنی مشکلات افغان عوام نے دیکھیں کوئی بھی ملک نے اس قدر مشکل حالات سے نہیں گزرا۔‘
پاکستان کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان میں انسانی حقوق اور خواتین کے مسائل کے حوالے سے عالمی تحفظات کو افغان عوام کی ثقافت کو مدنظر رکھ کر حساسیت سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ ’دنیا کو افغان ثقافت کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔‘
عمران خان نے کہا کہ افغانستان کا بینکنگ نظام منجمد کیا جا چکا ہے۔ اسلامی ترقیاتی بینک اس حوالے سے کردار ادا کر سکتا ہے۔
’افغانستان میں افراتفری کسی کے بھی مفاد میں نہیں۔ ایک مستحکم افغانستان ہی خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کر سکتا ہے۔‘

 پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان چار دہائیوں سے خانہ جنگی کا شکار ہے۔ فوٹو: اے پی پی

پاکستان کے وزیراعظم نے او آئی سی کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور مندوبین سے خطاب میں کہا کہ ’کشمیر اور فلسطین کے عوام ہماری طرف دیکھ رہے ہیں۔‘
عمران خان نے اسلاموفوبیا کے مسئلے پر بھی بات کرتے ہوئے اس کو انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ مغرب کو اس بارے میں آگاہ کرنے اور مکالمے کے لیے او آئی سی اپنا کردار ادا کرے۔ ’ہمیں اسلام کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرنا ہوگا۔‘
او آئی سی وزرائے خارجہ کا کونسل اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے۔ اجلاس سے سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان اور اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ نے بھی خطاب کیا۔

شیئر: