پاکستان میں 30 سال سے زائد عمر کے افراد ویکسین کی بوسٹر ڈوز کے اہل
این سی او سی نے ویکسینیشن کے لازمی نظام کے حوالے سے سخت اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات اٹھانے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے کہا ہے کہ ’30 سال سے زیادہ عمر والے افراد یکم جنوری 2022 سے اپنی مرضی کی بوسٹر خوراک حاصل کرنے کے اہل ہیں۔‘
یہ فیصلہ این سی او سی کے پیر کو ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔
پریس ریلیز کے مطابق این سی او سی نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی نئی قسم سے بچنے کے لیے مکمل طور پر ویکسین لگوائیں۔
اجلاس نے ویکسینیشن کے لازمی نظام کے حوالے سے سخت اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سات 13 ہزار 582 افراد کو ویکسین لگائی گئی۔ تاہم اب تک مجموعی طور پر ملک کی 58 فیصد آبادی کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔
واضح رہے کہ کورونا کا نیا ویرینٹ اومی کرون 95 ممالک میں رپورٹ ہوا ہے۔
اب تک 58 ہزار تصدیق شدہ کیسز کے ساتھ یورپ اس کا مرکز ہے جہاں برطانیہ اور ڈنمارک میں اس کے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔
انڈیا میں اب تک اومی کرون کے 149 تصدیق شدہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔