Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سنسنی خیز مقابلے کے بعد انڈر 19 ایشیا کپ میں انڈیا کے خلاف پاکستان کی جیت

اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انڈین انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو دو وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
محمد شہزاد 81 رنز اور ذیشان ضمیر 5 وکٹیں حاصل کرکے نمایاں رہے۔
میچ کی آخری گیند پر پاکستان انڈر 19 کو جیت کے لیے 2 رنز درکار تھے کہ احمد خان نے چوکا لگا کر ٹیم کو فتح دلا دی۔ انہوں نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 19 گیندوں پر 29 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
 پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے 238 رنز کا ہدف میچ کی آخری گیند پر آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پاکستان کے محمد شہزاد نے 105 گیندوں پر پانچ چھکوں اور چار چوکوں کی بدولت 81 رنز کی اننگز کھیلی۔
محمد عرفان نیازی 32 اور رضوان محمود 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے. انڈیاکے راج ناد باوا نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل فاسٹ بولر ذیشان ضمیر کی عمدہ بولنگ کی بدولت انڈین ٹیم 49 اوورز میں 237 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ ذیشان ضمیر نے 60 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اویس علی نے دو جبکہ معاذ صداقت اور قاسم اکرم نے ایک ایک وکٹیں حاصل کیں۔
انڈین انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر آرادھیا یادیو 50 اور ہرنور پنوں 46 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

شیئر: